کراچی : چیمپئنز ٹرافی کے میچز سے متعلق شائقینِ کرکٹ کے لیے ضروری ہدایات جاری کر دیں گئیں ہیں۔
ہدایات کے مطابق اسٹیڈیم سے متصل چائنہ گراؤنڈ، نیشنل کوچنگ سینٹر اور ایکسپو سینٹر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی پارکنگ کے لیے مختص کر دیا گیا۔ وی آئی پیز اور خصوصی پاسز کی حامل گاڑیوں کی پارکنگ اسٹیڈیم کے اندر رکھی گئی ہے۔
اسٹیڈیم کے اطراف تمام سڑکیں ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھلی رہیں گی۔ سر شاہ سلیمان روڈ استعمال کرنے والی عوام الناس کسی بھی زحمت سے بچنے کے لیے میچ کے دوران متبادل راستہ اختیار کریں۔ صرف وی آئی پیز اور پاسز کی حامل گاڑیاں گیٹ نمبر 8 سے داخل ہوسکیں گی۔
شائقینِ کرکٹ اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے صرف مرکزی گیٹ اور گیٹ نمبر چار، پانچ، چھ، بارہ، تیرہ اور چودہ استعمال کر سکتے ہیں۔ تمام تماشائیوں کو داخلی دروازوں پر سیکیورٹی چیکنگ سے گزارا جائے گا۔
حکام نے عوام سے درخواست کی ہے کہ کسی بھی قسم کی پریشانی و زحمت سے بچنے کے لیے میچ شروع ہونے سے قبل تشریف لائیں۔
اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے اپنا اصل قومی شناختی کارڈ لازمی ہمراہ لائیں۔ اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے اصل میچ ٹکٹ کی ہارڈ کاپی کا ہونا لازمی ہے۔ اسٹیڈیم اور اسکے اطراف میں ہر قسم کے ڈرون کیمروں کے استعمال پر سخت پابندی ہوگی۔