Home » لارڈز ٹیسٹ میں امام الحق کی انجری مشکوک قرار؟ابتدائی رپورٹ تیار،پابندی کی تلوار لٹکنے لگی

لارڈز ٹیسٹ میں امام الحق کی انجری مشکوک قرار؟ابتدائی رپورٹ تیار،پابندی کی تلوار لٹکنے لگی

by ahmedportugal
11 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اوپنر امام الحق کی لارڈز ٹیسٹ کے دوران ہونے والی انجری کا معاملہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، انجری اور ڈسپلن سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے جس میں ٹیسٹ اوپنر کے خلاف ممکنہ کارروائی اور پابندی کا معاملہ زیرِ غور آنے کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق امام الحق آئندہ ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنا تحریری جواب جمع کرائیں گے،جس کے بعد ان کے خلاف مزید کارروائی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے دوران امام الحق بائیں پنڈلی کی انجری کا شکار ہوئے تھے،جس کے باعث وہ میچ کی دونوں اننگز میں پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کیلئے میدان میں نہیں اترے تھے۔اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ امام الحق کو فیلڈنگ کے دوران بائیں پنڈلی میں کم درجے کی انجری ہوئی ہے۔سکین کے بعد لو گریڈ کاف اسٹرین کی تصدیق کی گئی تھی،جس کے بعد انہیں طبی ٹیم کی نگرانی میں علاج اور بحالی کی سہولت فراہم کی گئی تاہم وہ ٹیسٹ میچ میں بیٹنگ کیلئے دستیاب نہیں ہوئے۔ذرائع کے مطابق اب تیار کی گئی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں امام الحق کی انجری سے متعلق بعض اہم سوالات اٹھائے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق بظاہر یہ معاملہ صرف طبی نوعیت کا نہیں بلکہ انجری اور ڈسپلن کے پہلووں سے بھی دیکھا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیق کے دوران یہ سوال بھی زیرِ بحث آیا کہ اگر امام الحق لارڈز ٹیسٹ کے دوران بیٹنگ کیلئے میدان میں اترنے کی پوزیشن میں تھے تو وہ دونوں اننگز میں بیٹنگ کیلئے کیوں نہیں آئے جبکہ اس کے ساتھ یہ سوال بھی اٹھایا گیا کہ انجری کی شکایت کے باوجود وہ گراونڈ میں آکر بیٹنگ پریکٹس کیوں کرتے رہے تاہم امام الحق کے خلاف کسی بھی حتمی کارروائی سے قبل ان کا موقف سامنے آنا باقی ہے۔ذرائع کے مطابق ٹیسٹ اوپنر کو اپنا تحریری جواب جمع کرانے کا موقع دیا جائے گا،جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ دستیاب شواہد،میڈیکل ریکارڈ اور ان کے موقف کا جائزہ لے کر آئندہ کا فیصلہ کرے گا۔
ابتدائی رپورٹ میں امام الحق کی سابقہ انجری کا معاملہ بھی زیرِ بحث لایا گیا ہے،جس کے باعث موجودہ تحقیقات کو ماضی کے ایک واقعے سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بورڈ کی جانب سے امام الحق سے متعلق سابقہ معاملے کی بھی دوبارہ جانچ کی جا رہی ہے۔مارچ 2025 میں نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران امام الحق کے دائیں پاوں کے انگوٹھے پر گیند لگنے کے بعد سامنے آنے والی انجری پر بھی تحقیقات ہوئی تھیں۔ذرائع کے مطابق اس وقت کی انکوائری کمیٹی نے مبینہ طور پر یہ موقف اختیار کیا تھا کہ امام الحق نے اپنی علامات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا اور میڈیکل سٹاف کو گمراہ کیا جبکہ ان کے خلاف پاکستان کی نمائندگی سے پابندی کی سفارش بھی کی گئی تھی تاہم اس وقت سابق کرکٹرز اور بعض حکام کی مداخلت کے بعد معاملہ آگے نہیں بڑھ سکا تھا اور کسی بڑی کارروائی کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔ موجودہ تحقیقات میں اسی سابقہ معاملے کا حوالہ بھی شامل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

امام الحق نے انگلینڈ کے دورے میں پہلے ٹیسٹ کے دوران ہیڈنگلے میں میزبان ٹیم کے خلاف پہلی اننگز میں 42 رنز بنائے تھے۔انہوں نے 74 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 6 چوکے لگائے تاہم دوسری اننگز میں وہ بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوگئے۔ہیڈنگلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک اننگز اور 103 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔میچ کے دوران امام الحق اور عبداللہ شفیق نے تیسری وکٹ کیلئے 91 رنز کی شراکت قائم کی تاہم پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 171 اور دوسری اننگز میں 135 رنز پر آوٹ ہوگئی تھی۔اس کے بعد لارڈز ٹیسٹ میں امام الحق فیلڈنگ کے دوران بائیں پنڈلی کی انجری کا شکار ہوگئے۔پاکستان کی پہلی اننگز میں ٹیم 110 رنز پر آل آوٹ ہوئی لیکن امام الحق بیٹنگ کیلئے نہیں آئے۔دوسری اننگز میں بھی 389 رنز کے ہدف کے تعاقب کے دوران وہ بیٹنگ کیلئے میدان میں نہیں اترے۔پاکستان کو لارڈز ٹیسٹ میں 194 رنز سے شکست ہوئی،جس کے بعد انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی تھی۔لارڈز ٹیسٹ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے امام الحق سمیت 7 کھلاڑیوں کو تیسرے ٹیسٹ کے سکواڈ سے ریلیز کرتے ہوئے وطن واپس بھیج دیا تھا۔اسی دوران قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف میں بھی تبدیلیاں کی گئیں اور تیسرے ٹیسٹ کیلئے سکواڈ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق امام الحق کے موجودہ معاملے میں اب اہم مرحلہ ان کے تحریری جواب کا ہے۔وہ آئندہ ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنا موقف پیش کریں گے،جس کے بعد بورڈ تحقیقاتی رپورٹ اور امام الحق کے جواب کی روشنی میں کسی ممکنہ تادیبی کارروائی،پابندی یا معاملہ ختم کرنے سے متعلق فیصلہ کرے گا۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق کے خلاف این سی سی آئی اے میں بھی تحقیقات جاری ہیں،جس کے باعث ان سے متعلق معاملہ مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے تاہم حتمی فیصلہ سامنے آنے تک امام الحق کے خلاف کسی الزام کو ثابت شدہ حقیقت قرار نہیں دیا جا سکتا۔واضح رہے کہ انگلینڈ کے دورے میں پاکستان کو پہلے دونوں ٹیسٹ میچز میں شکست ہوئی،جس کے بعد تیسرے ٹیسٹ کیلئے قومی سکواڈ میں بڑی تبدیلیاں کی گئیں۔ایجبسٹن میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں بھی انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کو 0-3 سے وائٹ واش کر دیا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز