Home » نوے دن میں تبدیلی،6 ماہ میں انقلاب کے دعوے ہوا ہو گئے؟اختیار ولی خان کے پی حکومت پر تابڑ توڑ حملے،سہیل آفریدی کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا

نوے دن میں تبدیلی،6 ماہ میں انقلاب کے دعوے ہوا ہو گئے؟اختیار ولی خان کے پی حکومت پر تابڑ توڑ حملے،سہیل آفریدی کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا

by ahmedportugal
6 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم کے مشیر اختیار ولی خان نے خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کی طویل حکمرانی،ترقیاتی منصوبوں، جامعات کی مالی مشکلات،بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اور سرکاری وسائل کے مبینہ استعمال پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انقلاب اور تبدیلی کے نام پر صوبے کے عوام سے بڑے وعدے کیے گئے تاہم عوام کو وہ ترقی اور بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جا سکیں جن کی توقع دلائی گئی تھی۔انہوں نے صوبے میں احتساب کا عمل شروع کرنے اور عوامی نمائندوں سے ان کی کارکردگی کے بارے میں جواب طلب کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اختیار ولی خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے اور انہیں اپنے منتخب نمائندوں سے یہ سوال کرنا چاہیے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں بدحالی کیوں بڑھ رہی ہے؟بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کیوں برقرار ہیں اور بعض افراد کے مالی حالات میں غیرمعمولی تبدیلی کیسے آئی؟عوامی مسائل کے حل اور سرکاری وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنانا حکومت اور منتخب نمائندوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم کے مشیر نے تحریک انصاف کے ماضی کے وعدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو 90 روز میں تبدیلی لانے،چھ ماہ میں انقلاب برپا کرنے اور ایسا نظام حکومت قائم کرنے کی یقین دہانیاں کرائی گئی تھیں جس میں امیر اور غریب کے لیے انصاف،تعلیم اور صحت کی سہولیات یکساں ہوں گی،سرکاری عمارتوں کو تعلیمی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے،گورنر ہاوسز کے طرزِ استعمال میں تبدیلی لانے اور وزیر اعلیٰ ہاوسز میں لائبریریاں،کالج اور جامعات قائم کرنے جیسے دعوے بھی کیے گئے تھے لیکن عملی صورت حال ان وعدوں سے مختلف رہی۔اختیار ولی خان نے الزام عائد کیا کہ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کا شعبہ سنگین مشکلات سے دوچار ہے اور نئی جامعات کے قیام سے متعلق حکومتی دعووں کے برعکس متعدد تعلیمی اداروں کو مالی اور انتظامی مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کی 34 جامعات میں سے 18 مالی بحران کے باعث دیوالیہ پن کے قریب پہنچ چکی ہیں اور بعض اداروں میں وائس چانسلرز کی عدم موجودگی بھی انتظامی مسائل کو ظاہر کرتی ہے۔انہوں نے نئے ہسپتالوں اور جامعات کے قیام سے متعلق حکومتی دعووں پر بھی سوال اٹھائے۔

اختیار ولی خان کا کہنا تھا کہ ایک صوبائی وزیر نے ٹی وی پروگرام میں متعدد نئی جامعات قائم کرنے کا دعویٰ کیا تھا،جس کے جواب میں انہوں نے متعلقہ اداروں کے عملی وجود اور وہاں تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز سے متعلق سوالات اٹھائے،جس جامعہ کا حوالہ دیا جا رہا تھا،وہاں زمین موجود ہونے کے باوجود عمارت اور تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں دعوے قابلِ وضاحت ہیں۔اختیار ولی خان نے کہا کہ وہ اس معاملے سے متعلق دستاویزات گزشتہ چار ماہ سے اپنے پاس لیے پھر رہے ہیں اور متعلقہ سیاسی رہنما کو ان دعووں پر براہِ راست گفتگو کا چیلنج بھی دے چکے ہیں،عوام کو بتایا جانا چاہیے کہ جن تعلیمی اداروں کے قیام کا اعلان کیا گیا،ان میں سے کتنے مکمل طور پر فعال ہیں،کتنے زیرِ تعمیر ہیں اور کن منصوبوں پر عملی کام شروع نہیں ہو سکا،محض اعلانات کو ترقی کا متبادل نہیں بنایا جا سکتا۔وزیراعظم کے مشیر نے قبائلی اضلاع میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہاں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سابق گورنرز نے کردار ادا کیا جبکہ بعد کے ادوار میں نئے سکولوں،کالجوں اور پولیس سٹیشنوں کے قیام کے حوالے سے مطلوبہ پیش رفت نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے وقت یہ طے کیا گیا تھا کہ ان علاقوں کے لیے مختص رقوم وہیں خرچ کی جائیں گی تاکہ وہاں کے عوام کو تعلیم،صحت،سڑکوں،امن و امان اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اختیار ولی خان نے الزام عائد کیا کہ قبائلی اضلاع کے لیے مختص رقوم کے استعمال میں شفافیت کے حوالے سے سنجیدہ سوالات موجود ہیں،سابقہ دور میں صوبے کو ملنے والے وسائل عوامی فلاح و بہبود کے بجائے سیاسی سرگرمیوں اور سماجی ذرائع ابلاغ پر تشہیر کے لیے استعمال کیے جانے کے الزامات کی وضاحت ضروری ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کے دور میں ہزاروں افراد کو سماجی ذرائع ابلاغ پر تشہیری سرگرمیوں کے لیے ماہانہ ادائیگیاں کی جاتی تھیں اور ایسے افراد کی تعداد تقریباً 30 سے 35 ہزار تھی،جنہیں مبینہ طور پر فی کس 50 ہزار روپے ماہانہ دیے جاتے تھے،اگر یہ رقوم واقعی سرکاری وسائل سے ادا کی گئیں تو ان کا باقاعدہ حساب،متعلقہ منظوریوں اور اخراجات کا ریکارڈ عوام کے سامنے کیوں نہ لایا جائے؟سرکاری فنڈز کا بنیادی مقصد شہریوں کو سہولیات فراہم کرنا،ترقیاتی منصوبے مکمل کرنا اور پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کا ازالہ کرنا ہونا چاہیے،نہ کہ سیاسی تشہیر کو ترجیح دینا۔

۔صوبے کے مختلف علاقوں میں بنیادی سہولیات کی کمی کا ذکر کرتے ہوئے اختیار ولی خان نے کہا کہ متعدد مقامات پر شہریوں کو پینے کے صاف پانی،تعلیم،صحت اور دیگر ضروری سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے بعض علاقوں کی صورت حال کا موازنہ تھر سے کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کچھ مقامات پر انسان اور جانور ایک ہی جگہ سے پانی پینے پر مجبور ہیں،صوبائی حکومت اور عوامی نمائندوں کو ان مسائل کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات پیش کرنی چاہییں۔اختیار ولی خان نے خیبرپختونخوا کے حالات کا پنجاب اور سندھ سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے صوبوں اور ان کے مضافاتی علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیاں دیکھ کر انہیں محسوس ہوتا ہے کہ وہاں عوامی مسائل کے حل پر توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے تسلیم کیا کہ کسی بھی صوبے میں انتظامی کمزوریاں اور کوتاہیاں ہو سکتی ہیں تاہم خیبرپختونخوا کے عوام کو بھی ایسی ہی سہولیات اور ترقیاتی مواقع ملنے چاہییں جن سے دوسرے علاقوں کے شہری مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے بعض سیاسی شخصیات کے مالی حالات میں مبینہ تبدیلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایک رہنما،جس کے پاس 2013 میں مبینہ طور پر محدود پیمانے پر نجی سکول تھا،اب بڑی تعداد میں سکولوں کا مالک بن چکا ہے جبکہ ایک دوسرے وزیر کے بارے میں انہوں نے ہسپتالوں کے وسیع کاروبار سے وابستگی کا دعویٰ کیا۔ اختیار ولی خان نے سوال اٹھایا کہ اگر عوامی نمائندوں کے مالی حالات اور کاروباری سرگرمیوں میں غیرمعمولی تبدیلیاں آئی ہیں تو ان کے ذرائع اور تفصیلات کی جانچ کیوں نہیں ہونی چاہیے؟۔

۔وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی محرومیاں ان کی تقدیر نہیں اور انہیں اپنے حقوق،بہتر طرزِ حکمرانی اور شفاف احتساب کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے،نوجوانوں کو بھی اپنے منتخب نمائندوں سے سوال کرنا چاہیے کہ صوبے میں تعلیم،صحت،روزگار،بنیادی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کیا پیش رفت ہوئی ہے؟۔اختیار ولی خان نے دوٹوک موقف اختیار کیا کہ وہ صوبے میں مبینہ بدعنوانی،سرکاری وسائل کے استعمال اور حکومتی کارکردگی سے متعلق سوالات اٹھاتے رہیں گے،عوام کو محض سیاسی نعروں اور وعدوں کے بجائے عملی اقدامات،شفافیت اور قابلِ پیمائش ترقیاتی نتائج درکار ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز