Home » کشمیری عوام کے دیرینہ مطالبات کو نظر انداز کر کے طاقت کا استعمال نا قابل قبول ہے،سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

کشمیری عوام کے دیرینہ مطالبات کو نظر انداز کر کے طاقت کا استعمال نا قابل قبول ہے،سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

by ahmedportugal
12 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں جہاں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے اور عوامی اضطراب خطرناک صورت اختیار کرتا جا رہا ہے، پاکستان کو آج ایسی معاملہ فہم قیادت اور دانشمندانہ حکمت عملی کی شدید ضرورت ہے جو حالات کو مزید بگڑنے سے بچا سکے۔


ایگزو نیوز کے مطابق سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے کشمیری عوام کے دیرینہ مطالبات کا فوری اور جامع حل تلاش کرنے کی بجائے طاقت کے استعمال کا راستہ اپنایا، جس کے نتیجے میں حالات انتہائی سنگین ہو گئے ہیں۔ ان کے بقول کشمیری عوام کی پاکستان سے محبت، وفاداری اور استقامت کسی شک و شبہے سے بالاتر ہے، مگر ان کے بنیادی مسائل کو نظرانداز کرنا نہ صرف ناانصافی ہے بلکہ اس کے اثرات ریاست کے استحکام پر بھی پڑ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ پچاس برسوں سے وہ کشمیری کمیونٹی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور ان کے مسائل، جدوجہد اور قربانیوں کے عینی شاہد ہیں۔ ان کے مطابق آج وقت کا تقاضا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور فوری طور پر کشمیر کی تمام قیادت کو اعتماد میں لیتے ہوئے مذاکرات کی میز پر بٹھائے تاکہ دیرینہ مسائل کا پائیدار حل نکالا جا سکے۔چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ طاقت کے بل بوتے پر کسی مسئلے کو حل نہیں کیا جا سکتا۔ اگر واقعی پاکستان میں قیادت کشمیری عوام کی مشکلات کو سمجھتی ہے تو اسے فوری طور پر عملی اقدامات کرنے ہوں گے، تاکہ نہ صرف مزید انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے بلکہ خطے میں امن و استحکام کی ضمانت بھی فراہم کی جا سکے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز