Home » اگر سیاست کرنی ہے تو برف بیچو۔۔۔

اگر سیاست کرنی ہے تو برف بیچو۔۔۔

تحریر: محبوب احمد (چیئرمین ایگزو گروپ آف کمپنیز)

by ahmedportugal
15 views
A+A-
Reset

سیاست ہمیشہ سے انسانی معاشروں کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی آئی ہے۔۔۔۔ یہ صرف اقتدار کی جنگ نہیں بلکہ قوموں کی سمت متعین کرنے کا ایک حساس اور نازک عمل ہے لیکن سیاست صرف جذبات یا نعروں سے نہیں چلتی،اسے عقل،برداشت اور تدبر کی ضرورت ہوتی ہے۔۔۔۔اسی لیے کہا جاتا ہے کہ اگر سیاست کرنی ہے تو برف بیچو۔۔۔اس جملے میں ایک پوری سیاسی دانائی چھپی ہے۔۔۔سیاست وہ میدان ہے جہاں ٹھنڈا دماغ رکھنے والا ہمیشہ جیتتا ہے،کیونکہ جذبات کی آگ میں فیصلے نہیں، تباہیاں جنم لیتی ہیں۔۔۔۔بد قسمتی سے ہمارے ملک کی سیاست میں ٹھنڈک کم اور تپش زیادہ ہے۔۔سیاسی جماعتیں اقتدار حاصل کرنے کے بعد بھول جاتی ہیں کہ وہ اقتدار عوام کی خدمت کے لیے حاصل کرتی ہیں،اپنی اَنا یا مفادات کے لیے نہیں۔۔۔جب وہ اپوزیشن میں ہوتی ہیں تو عوامی مسائل کی بات کرتی ہیں لیکن حکومت میں آتے ہی ان کی ترجیحات بدل جاتی ہیں۔۔۔۔وعدے،منشور اور اصول سب محض کاغذوں تک محدود رہ جاتے ہیں۔۔۔یہی رویہ ہمارے سیاسی نظام کی جڑوں کو کھوکھلا کرتا ہے۔۔۔پنجاب کی موجودہ صورتحال اس حقیقت کی ایک تازہ مثال ہے۔۔۔حکومت کے حالیہ اقدامات نے ایک بار پھر سیاسی عدم برداشت کو نمایاں کر دیا ہے۔۔۔ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)ایک حقیقت پسند مذہبی و سیاسی قوت ہے جس کا اثر و رسوخ ملک بھر میں موجود ہے،خصوصاً اہل سنت طبقے میں۔۔۔اس جماعت کے پاس ایک منظم ووٹ بینک ہے،جسے دبانے یا نظرانداز کرنے سے معاملات سلجھنے کے بجائے مزید بگڑ سکتے ہیں۔۔۔

سیاست میں کسی بھی جماعت کو دیوار سے لگانا دراصل خود اپنے لیے دیوار چننے کے مترادف ہوتا ہے۔۔۔ مریدکے کے حالیہ واقعے  نے حالات کو مزید کشیدہ کر دیا ہے۔۔۔اطلاعات کے مطابق پنجاب پولیس  نے ٹی ایل پی کے کارکنوں کے خلاف طاقت کا استعمال کیا،بے دریغ گولیاں چلائیں،گرفتاریاں کیں اور کئی مقامات پر لاٹھی چارج کیا۔۔۔اگر یہ واقعات درست ہیں تو یہ ایک خطرناک اشارہ ہے۔۔۔ریاست اور عوام کے درمیان ٹکراو کبھی بھی مسائل کا حل نہیں ہوتا۔۔۔ایسے اقدامات عوام میں بے چینی اور غصہ بڑھاتے ہیں،جو بالآخر سیاسی نقصان میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔۔۔۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اس حقیقت کا ادراک ہونا چاہیے کہ طاقت وقتی سہارا تو بن سکتی ہے لیکن عوامی اعتماد کے مقابلے میں ہمیشہ کمزور رہتی ہے۔۔۔جو جماعت عوام کے ووٹ سے اقتدار میں آتی ہے،اسے عوام کے احساسات اور ردِعمل کو بھی سمجھنا چاہیے۔۔۔اگر یہی رویہ جاری رہا تو اگلے انتخابات میں عوام کا غصہ ووٹ کی صورت میں ظاہر ہو گا اور پھر کسی بیانیے سے اسے چھپایا نہیں جا سکے گا۔۔۔۔ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت جذبات یا اَنا کے بجائے دانشمندی سے کام لے۔۔۔

مریدکے واقعے اور دیگر احتجاجی کارروائیوں پر غیر جانبدار تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے جو حقیقت کو سامنے لائے۔۔۔یہ معلوم کرنا ضروری ہے کہ طاقت کے استعمال کا حکم کس نے دیا؟کتنے افراد زخمی یا گرفتار ہوئے اور کیا دونوں فریقوں نے قانون کی خلاف ورزی کی؟؟؟ انصاف صرف ایک طرف نہیں بلکہ دونوں طرف ہونا چاہیے کیونکہ انصاف وہ بنیاد ہے جس پر قوموں کا اعتماد قائم رہتا ہے۔۔۔تشدد خواہ پولیس کی طرف سے ہو یا سیاسی کارکنوں کی جانب سے،دونوں ہی نا قابل قبول ہیں۔۔۔۔ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ قانون کی عملداری برقرار رکھتے ہوئے انسانی وقار کا تحفظ بھی کرے۔۔۔۔اسی طرح سیاسی جماعتوں کا فرض ہے کہ وہ اپنے کارکنوں کو قانون کے دائرے میں رہنے کی تربیت دیں۔۔۔۔احتجاج حق ہے مگر تشدد نہیں۔۔۔مکالمہ،برداشت اور بات چیت ہی کسی بھی جمہوری معاشرے کے بنیادی ستون ہیں۔۔۔۔دنیا کے مہذب ممالک میں سیاست کا مطلب طاقت کی نمائش نہیں بلکہ تحمل اور عقل کی برتری ہے۔۔۔جو لیڈر اپنے مخالف کو برداشت کر لیتا ہے،وہ دراصل اپنے ملک کو ایک قدم آگے لے جاتا ہے۔۔۔بدقسمتی سے ہم  نے سیاست کو ذاتی جنگ بنا دیا ہے،جس میں مخالف کو دشمن سمجھا جاتا ہے۔۔۔یہی سوچ ہمیں بار بار پیچھے لے جاتی ہے۔۔۔پاکستان کو اس وقت سیاسی انتقام نہیں بلکہ سیاسی بلوغت کی ضرورت ہے۔۔۔ہمیں ایسے رہنماوں کی ضرورت ہے جو غصے کے بجائے تدبر سے فیصلے کریں،جو مخالف کو سنیں،سمجھیں اور مکالمے کے دروازے بند نہ کریں۔۔۔اگر ہم نے اس روش کو بدل لیا تو یقیناً ایک ایسا پاکستان ممکن ہے جو مضبوط،پرامن اور جمہوری اصولوں پر استوار ہو۔۔۔سیاست کی اصل طاقت گولی میں نہیں،گفتگو میں ہے۔۔۔۔طاقت سے وقتی جیت ممکن ہے مگر تاریخ ہمیشہ انہی کے حق میں فیصلہ سناتی ہے جنہوں نے اختلاف کو برداشت کیا اور دشمنی کو مکالمے میں بدلا۔۔۔یہی اصل سیاست ہے،یہی اصل قیادت ہے اور شاید اسی لیے کہا گیا ہے ،اگر سیاست کرنی ہے تو برف بیچو۔۔۔۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز