Home » بھارت میں کھیلنے سے انکار مہنگا پڑ گیا، آئی سی سی نے بنگلا دیش کو ڈیڈ لائن دے دی،سکاٹ لینڈ کی لاٹری نکلنے کا امکان

بھارت میں کھیلنے سے انکار مہنگا پڑ گیا، آئی سی سی نے بنگلا دیش کو ڈیڈ لائن دے دی،سکاٹ لینڈ کی لاٹری نکلنے کا امکان

by ahmedportugal
3 views
A+A-
Reset

دبئی(ایگزو نیوز ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو سخت اور واضح پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر بنگلا دیش نے بھارت جا کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز کھیلنے سے انکار برقرار رکھا تو اسے ٹورنامنٹ سے باہر کر کے کسی متبادل ٹیم کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ آئی سی سی نے بی سی بی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس حساس معاملے پر اپنی حکومت کو اعتماد میں لے اور فوری طور پر اپنا حتمی اور واضح موقف آئی سی سی کو آگاہ کرے۔
ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق اس معاملے پر آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں ووٹنگ بھی ہوئی، جس میں بورڈ کی اکثریت نے بنگلا دیش کی جگہ کسی اور ٹیم کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کی حمایت کی۔ذرائع کے مطابق بی سی بی کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لیے صرف ایک دن کی مہلت دی گئی ہے،جس کے بعد آئی سی سی حتمی فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں آ جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بنگلا دیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے نکال دیا گیا تو سکاٹ لینڈ کو گروپ سی میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے حالانکہ سکاٹ لینڈ 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی نہیں کر سکا تھا اور یورپی کوالیفائر میں نیدرلینڈز،اٹلی اور جرسی سے پیچھے رہا تھا۔اس کے باوجود آئی سی سی قوانین کے تحت متبادل ٹیم کے طور پر اسکاٹ لینڈ کا نام زیر غور ہے۔

ادھر آئی سی سی بورڈ کا اہم اجلاس شروع ہو چکا ہے جس میں تمام فل ممبر ممالک کے ڈائریکٹرز شریک ہیں۔اجلاس میں آئی سی سی چیئرمین جے شاہ،بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام، بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا،پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سمیت دیگر کرکٹ بورڈز کے سربراہان اور نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔آئی سی سی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام اور ایسوسی ایٹ ممبرز کے نمائندے بھی اجلاس میں موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے ایک آزاد سیکیورٹی ایجنسی سے تیار کروائی گئی رپورٹ بھی بورڈ کے سامنے پیش کی گئی ہے،جس میں بھارت میں میچز کھیلنے والی ٹیموں کے لیے سیکیورٹی خدشات کو درمیانے سے قدرے زیادہ درجے کا قرار دیا گیا ہے تاہم رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی ٹیم کے خلاف براہِ راست یا مخصوص خطرے سے متعلق کوئی مصدقہ انٹیلی جنس اطلاع موجود نہیں۔بنگلا دیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ سی میں شامل کیا گیا ہے،جہاں اس کے میچز 7، 9 اور 14 فروری کو کولکتہ جبکہ آخری گروپ میچ 17 فروری کو ممبئی میں شیڈول ہے۔ذرائع کے مطابق اس معاملے پر حتمی فیصلہ آئی سی سی کے موجودہ اجلاس کے دوران متوقع ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلا دیش کے موقف کی حمایت میں آئی سی سی کو خط لکھنے کی خبروں سے لاعلمی ظاہر کر دی ہے۔پی سی بی ترجمان کے مطابق آئی سی سی کو کسی ایسے خط کے بارے میں کوئی باضابطہ معلومات موصول نہیں ہوئیں اور انہیں اس حوالے سے علم میڈیا رپورٹس کے ذریعے ہوا ہے۔ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ بورڈ نے تاحال اس معاملے پر آئی سی سی کو کوئی خط نہیں لکھا۔ تاہم میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کی شرکت سے متعلق حتمی فیصلے سے ایک روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو خط ارسال کیا تھا،جس میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے موقف کی حمایت کی گئی۔ذرائع کے مطابق مبینہ خط میں کہا گیا ہے کہ خطے میں موجود سیاسی کشیدگی کے تناظر میں بنگلا دیش کا بھارت جا کر میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ قابلِ فہم ہے اور اس حوالے سے زمینی حقائق کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔اطلاعات کے مطابق یہ خط آئی سی سی بورڈ کے دیگر اراکین کو بھی ارسال کیا گیا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز