دبئی(ایگزو نیوز ڈیسک)ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک اور دھچکا لگ گیا،جہاں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قومی ٹیم کے فاسٹ باولرز خرم شہزاد اور محمد عباس کے خلاف تادیبی کارروائی کر دی۔
ایگزو نیوز کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ خرم شہزاد پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ محمد عباس کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر باضابطہ سرزنش کی سزا دی گئی ہے۔دونوں کھلاڑیوں کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا ہے۔آئی سی سی کے مطابق خرم شہزاد نے ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ کی وکٹ حاصل کرنے کے بعد نامناسب انداز میں جشن منایا جبکہ محمد عباس کو جومل واریکن کو آوٹ کرنے کے بعد جشن منانے کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا۔دونوں پاکستانی باولرز نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی جانب سے دی گئی سزاوں کو قبول کر لیا،جس کے باعث معاملے پر مزید سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
واضح رہے کہ برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے دیے گئے 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم صرف 120 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے 58 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔پاکستان کے آٹھ کھلاڑی ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے،جس کے باعث ٹیم کو بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں 181 رنز بنائے اور پاکستان کو مجموعی طور پر 210 رنز کا ہدف دیا تھا۔قومی باولرز میں محمد عباس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ خرم شہزاد اور محمد علی نے دو،دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔میچ کی پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز نے 311 رنز بنائے تھے،جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 282 رنز پر آوٹ ہو گئی تھی۔دوسری اننگز میں بیٹنگ لائن کی ناکامی کے باعث پاکستان کو میچ کے فیصلہ کن مرحلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔