لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کی معروف گائناکالوجسٹ ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے کہا کہ ہے کہ ایچ پی وی ویکسین لڑکیوں کو مستقبل میں گردِ رحم کے مہلک کینسر سے محفوظ رکھنے کا سب سے موثر ذریعہ ہے،یہ کینسر زیادہ تر وائرس کی اقسام 16 اور 18 سے جڑا ہے جو دنیا بھر میں ستر فیصد کیسز کا سبب بنتی ہیں جبکہ ویکسین ان اقسام کے خلاف مضبوط تحفظ فراہم کرتی ہے،ویکسین لگوانے سے نہ صرف ان اقسام کے پھیلاو کو روکا جا سکتا ہے بلکہ اس کے نتیجے میں سروائیکل کینسر کے امکانات میں نمایاں کمی بھی واقع ہوتی ہے،پنجاب بھر میں 9 سے 14 سال کی عمر کی بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین لگانے کی قومی مہم کا آغاز کر دیا گیا،اس مہم سے بچیاں مستقبل میں یوٹرس کے کینسر سے محفوظ رہ سکتی ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر میں 9 سے 14 سال کی عمر کی بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین لگانے کی قومی مہم کا آغاز کر دیا گیا، اس مہم سے بچیاں مستقبل میں یوٹرس کے کینسر سے محفوظ رہ سکتی ہیں۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے معروف گائناکالوجسٹ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ایمرجنسی لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے کہا کہ ایچ پی وی ویکسین بچیوں کو بچپن میں ایک ایسے مرض سے تحفظ فراہم کرتی ہے جو مستقبل میں جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، والدین کا فرض ہے کہ وہ اس قومی مہم میں بھرپور حصہ لیں اور اپنی بچیوں کو یہ ویکسین ضرور لگوائیں،یہ صرف ایک انجیکشن نہیں بلکہ ایک روشن اور محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔انہوں نے حکومت پنجاب اور محکمہ صحت کی اس بروقت کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قدم بچیوں کی صحت و تحفظ کے لیے ایک سنگ میل ہے،یہ ویکسین 9 تا 14 سال کی عمر کی تمام بچیوں کے لیے بالکل مفت سرکاری ہسپتالوں اور ویکسی نیشن مراکز میں دستیاب ہے،یہ قومی مہم 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ایچ پی وی جدید گارڈاسل 9 ویکسین نہ صرف سروائیکل کینسر بلکہ اندام نہانی،بیرونی جنسی اعضاء اور مقعد کے بعض سرطانوں کے ساتھ ساتھ جنسی زخموں(وارٹس)سے بھی بچاتی ہے،تحقیق بتاتی ہے کہ جن ممالک میں بچپن میں یہ ویکسین دی گئی وہاں نوجوان لڑکیوں میں سروائیکل کینسر کے واقعات نمایاں طور پر کم ہوئے۔ڈاکٹر لیلیٰ شفیق کا کہنا تھا کہ نو سے بارہ برس کی عمر میں ویکسین لگوانا سب سے زیادہ موثر ہے اور یہ اقدام ہزاروں زندگیوں کو مستقبل میں ایک جان لیوا بیماری سے محفوظ بنا سکتا ہے۔
ایچ پی وی ویکسین لگوانے والی لڑکیاں مستقبل میں کس خطرناک بیماری سے محفوظ رہ سکتی ہیں؟ملک کی معروف گائناکالوجسٹ ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے بتا دیا
50