Home » تیل کی عالمی تجارت خطرے میں،ایران کا آبنائے ہرمز پر دفاعی اقدامات سخت اور امریکی اتحادیوں کی نقل و حرکت روکنے کا اعلان

تیل کی عالمی تجارت خطرے میں،ایران کا آبنائے ہرمز پر دفاعی اقدامات سخت اور امریکی اتحادیوں کی نقل و حرکت روکنے کا اعلان

by ahmedportugal
13 views
A+A-
Reset

تہران(ایگزو نیوز ڈیسک)ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے سائے میں عالمی توانائی کی اہم ترین گزرگاہ آبنائے ہرمز ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ایرانی فوج کے سخت بیان نے خطے میں ممکنہ سمندری بحران کے خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے،جس میں تہران نے آبنائے ہرمز کے استعمال سے متعلق سخت دفاعی اقدامات کا عندیہ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ امریکی اور اس کے اتحادی ممالک کو اس اہم بحری راستے سے نقل و حرکت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ایرانی موقف کے بعد عالمی منڈیوں،تیل کی ترسیل اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ اب کوئی بھی ملک آبنائے ہرمز کو فوجی سازوسامان کی منتقلی کے لیے استعمال نہیں کر سکے گا جبکہ تہران نے اس اہم بحری گزرگاہ کے تحفظ کے نام پر سخت دفاعی اقدامات اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ایرانی فوج کے مطابق بعض ممالک طویل عرصے سے آبنائے ہرمز کی تزویراتی اہمیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تجارت اور تیل کی ترسیل جاری رکھتے رہے تاہم حالیہ صورتحال میں یہی ممالک ایران کے مخالفین کے ساتھ کھڑے ہو گئے ہیں۔ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کو آئندہ آبنائے ہرمز عبور کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ بیان کے مطابق ایران اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اس اہم سمندری راستے پر نگرانی اور دفاعی اقدامات مزید سخت کرے گا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اگر مکمل دفاعی روک تھام کے اقدامات نہ کیے گئے تو دشمن دوبارہ ایرانی سرزمین کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتا ہے،اس لیے ملک کے دفاعی تقاضوں کے مطابق تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے،جہاں سے عالمی سطح پر خام تیل اور قدرتی گیس کی بڑی مقدار بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچتی ہے۔ماہرین کے مطابق اس راستے میں کسی بھی قسم کی کشیدگی،رکاوٹ یا فوجی محاذ آرائی عالمی توانائی کی فراہمی، تیل کی قیمتوں اور عالمی تجارت پر فوری اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ایرانی فوج کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ خطے میں بحری راستوں کی سلامتی بھی ایک اہم عالمی تشویش بنتی جا رہی ہے۔دوسری جانب یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کے اعلان کے بعد مشرق وسطیٰ کے سمندری راستوں کی صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے،جس کے باعث عالمی برادری کی نظریں خلیجی خطے کی بدلتی صورتحال پر مرکوز ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز