Home » دیرینہ دوستی نئی بلندیوں کی جانب،اسلام آباد میں جشن،پاک یو اے ای پرچموں کی بہار،صدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید کا پہلا سرکاری دورہ پاکستان

دیرینہ دوستی نئی بلندیوں کی جانب،اسلام آباد میں جشن،پاک یو اے ای پرچموں کی بہار،صدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید کا پہلا سرکاری دورہ پاکستان

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ایک نئے اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئے جب صدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید النہیان اپنے پہلے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے۔ اس تاریخی موقع پر وفاقی دارالحکومت جشن گاہ کا منظر پیش کرنے لگا، جہاں پاک یو اے ای پرچموں کی بہار، شاہراہوں کی خصوصی سجاوٹ اور فضاوں میں پاک فضائیہ کی شاندار سلامی نے اس دورے کی غیر معمولی اہمیت کو اجاگر کر دیا۔ یہ دورہ نہ صرف دیرینہ دوستی کے تسلسل کی علامت ہے بلکہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور اسٹریٹجک شراکت داری کے نئے دروازے کھلنے کی امیدوں کے ساتھ پاک یو اے ای تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا عندیہ بھی دے رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں ان کا خصوصی طیارہ نور خان ایئربیس اسلام آباد پر اترا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ہونے والے اس دورے کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور طویل المدتی تعلقات میں ایک نئی جہت قرار دیا جا رہا ہے۔پاکستانی فضاوں میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے جدید لڑاکا طیاروں نے اماراتی صدر کے طیارے کو حفاظتی حصار میں لے لیا اور فضائی سلامی پیش کی، جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے اعتماد اور باہمی احترام کی علامت سمجھی جا رہی ہے۔معزز مہمان کے استقبال کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا۔ اہم شاہراہوں اور سرکاری عمارتوں پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے پرچم لہرائے گئے، جبکہ قائدین کی تصاویر آویزاں کی گئیں۔ شہر کی مرکزی سڑکوں پر خصوصی تزئین و آرائش اور برقی قمقموں سے چراغاں کیا گیا، جس سے دارالحکومت کا منظر دیدنی بن گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ہمراہ وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔

دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت،سرمایہ کاری، توانائی، ترقی،علاقائی استحکام کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی سطح کے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یو اے ای کے صدر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اس سے باہمی تعاون کو مزید وسعت ملے گی۔خاص طور پر پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور خلیج میں سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے پر بات چیت متوقع ہے۔دورے کے دوران صدر متحدہ عرب امارات کی صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں شیڈول ہیں،جب کہ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ان ملاقاتوں میں مجموعی دوطرفہ تعلقات کا کثیر الجہتی جائزہ لیا جائے گا اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔صدر شیخ محمد بن زاید کے دورہ پاکستان کے تناظر میں اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی آج چھٹی کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا،جس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس 26 دسمبر کو بند رہیں گی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ صدر متحدہ عرب امارات بننے کے بعد شیخ محمد بن زاید النہیان کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے،جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اہلِ پنجاب کی جانب سے انہیں خوش آمدید کہا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات لازوال اور بے مثال ہیں اور اماراتی صدر کا پہلا سرکاری دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔سیاسی و سفارتی حلقوں کے مطابق یہ دورہ نہ صرف پاک یو اے ای تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا باعث بنے گا بلکہ خطے میں اقتصادی تعاون،سرمایہ کاری اور استحکام کے لیے بھی اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز