نارووال(یگزو نیوز ڈیسک)نارووال میں جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایک اہم اور تاریخ ساز پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال چوہدری نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی(یو ای ٹی) نارووال کیمپس میں دو اہم قومی تحقیقی مراکز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، اس اقدام کو ملک میں تحقیق، جدت اور ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب ایک نمایاں سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے تعلیمی اور سائنسی شعبوں میں نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال چوہدری نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نارووال کیمپس میں دو اہم قومی مراکز کا باضابطہ افتتاح کر دیا، جن میں نیشنل سینٹر فار کوانٹم کمپیوٹنگ اور نیشنل سینٹر فار نیو مینوفیکچرنگ شامل ہیں۔ افتتاحی تقریب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، سابق وائس چانسلرز اور ملک کی ممتاز جامعات کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر حکومت کی جانب سے تحقیق، جدت اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ آج کا دن نارووال کیلئے تاریخی اہمیت رکھتا ہے اور یہ اقدام پاکستان کے تکنیکی مستقبل کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں قومی مراکز جدید اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں قومی استعداد کو بڑھانے کیلئے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ان مراکز کے قیام سے نہ صرف تحقیق اور جدت کو فروغ ملے گا بلکہ ملک کی صنعتی اور تکنیکی ترقی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہب اینڈ اسپوک ماڈل کے تحت یہ منصوبہ ملک کے ممتاز تعلیمی و تحقیقی اداروں کو ایک مربوط نظام کے تحت جوڑ رہا ہے۔ان اداروں میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور، یو ای ٹی پشاور، گلگت انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، لمز، یو ای ٹی ٹیکسلا، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی اور نیوٹیک شامل ہیں، جو باہمی تعاون کے ذریعے تحقیق کے نئے دروازے کھولیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وژن دو ہزار پچیس سے لے کر اڑان پاکستان تک ترقی کا سفر تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور حکومت ملک کو جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔اس موقع پر وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ نارووال کیمپس میں ان قومی مراکز کا قیام پاکستان میں جدید ٹیکنالوجیز کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی کا ممتاز جامعات کی صف میں شامل ہونا ایک خوش آئند امر ہے، یونیورسٹی نوجوان نسل کو بااختیار بنانے اور انوویشن کے نظام کو مضبوط کرنے کیلئے پرعزم ہے، جبکہ ایسے اقدامات سے نہ صرف تحقیق کو فروغ ملے گا بلکہ پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مضبوط تکنیکی شناخت بھی حاصل ہوگی۔
نارووال میں تاریخ ساز قدم،تعلیمی شعبے میں نئی پیش رفت،جدید ٹیکنالوجی کے دو قومی مراکز کا باقاعدہ افتتاح
7