اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے)کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری کے حوالے سے کامیاب اور شفاف بڈنگ کے انعقاد پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس پیش رفت کو ملکی معیشت کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اقتدار سنبھالتے وقت قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور پی آئی اے کی نجکاری کا کامیاب عمل اسی عزم کی عملی مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ الحمدللہ بولی کا پورا عمل شفاف،منصفانہ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق رہا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پی آئی اے اور دیگر ریاستی اداروں کی نجکاری سے معیشت کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی اور قومی خزانے پر بوجھ کم ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی کامیاب نجکاری اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو چکا ہے،جس پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام ریاستی اداروں کے باہمی تعاون سے ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔وزیراعظم نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار،چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،وزیر دفاع خواجہ آصف، مشیر برائے نجکاری محمد علی، نجکاری کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں اور حکام کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نجی شعبے کے اشتراک سے ملک کی ترقی،خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے اور آئندہ بھی معاشی اصلاحات کا یہ سفر پوری قوت سے جاری رکھا جائے گا۔
پی آئی اے نجکاری میں تاریخی کامیابی، شفاف بولی سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال،وزیر اعظم شہباز شریف کی قوم کو مبارکباد
9