Home » سہیل آفریدی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا کابینہ کا تاریخی اجلاس،نئے تکافل ادارے،تعلیم،سیف سٹیز اور 5 ارب روپے سے زائد فنڈز سے ترقیاتی پیکیجز کی منظوری

سہیل آفریدی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا کابینہ کا تاریخی اجلاس،نئے تکافل ادارے،تعلیم،سیف سٹیز اور 5 ارب روپے سے زائد فنڈز سے ترقیاتی پیکیجز کی منظوری

by ahmedportugal
12 views
A+A-
Reset

پشاور(ایگزو نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 44 واں اجلاس انتہائی اہم فیصلوں کے ساتھ مکمل ہوا، اجلاس میں کئی تاریخی اور ترقیاتی اقدامات کی منظوری دی گئی،جو صوبے کی صحت، تعلیم،تحفظ اور شہری فلاح و بہبود کے نظام کو مضبوط کریں گے۔
ایگزو نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا کابینہ نے صوبے میں اسلامی اصولوں کے تحت خیبر پختونخوا جنرل تکافل کمپنی اور خیبر پختونخوا فیملی تکافل کمپنی کے قیام کی منظوری دی،جن کے لیے بالترتیب 2 ارب اور 3 ارب روپے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔جنرل تکافل صحت اور دیگر رسکس کی کوریج فراہم کرے گی جبکہ فیملی تکافل وفات کی صورت میں خاندان کی مالی کفالت کو یقینی بنائے گی،یہ صوبے میں 1990 کے بعد ایسے پہلے نئے ادارے ہوں گے۔

کابینہ نے خیبر پختونخوا سیف سٹیز منصوبے کے لیے 3,825 ملین روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی بھی منظوری دی،جس کے تحت منصوبے کو پشاور کے بعد ڈی آئی خان،بنوں،لکی مروت اور شمالی وزیرستان تک توسیع دی گئی ہے،منصوبے میں بعض اہداف پر 80 فیصد اور دیگر پر 50 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے۔سابقہ فاٹا میں رسالدار اور دفادار کی پوسٹوں کے انضمام سے متعلق سفارشات پر عمل کرتے ہوئے 16 پوسٹوں کے نامنکلیچر کی منظوری دی گئی اور قواعد و ضوابط کی تکمیل پر انہیں پولیس میں ضم کیا جائے گا،ساتھ ہی،سابقہ فاٹا کے طلبہ کے لیے میڈیکل اور دیگر تعلیمی اداروں میں مختص کوٹہ سسٹم کو جنوبی وزیرستان کے دو اضلاع میں تقسیم کرنے اور میرٹ کی بنیاد پر برقرار رکھنے کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے اسلام آباد میں سمال انڈسٹریل ڈیولپمنٹ بورڈ کے پلازہ میں نیشنل فنانس کمیشن کے لیے خیبر پختونخوا سیل قائم کرنے،خیبر پختونخوا ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ کی تشکیلِ نو اور رشکئی سی پیک اکنامک زون کے اطراف سیکیورٹی و ترقیاتی ضروریات کے لیے 199 ملین روپے کے فنڈ کی بھی منظوری دی۔علاوہ ازیں،خیبر پختونخوا ایجوکیشن فاونڈیشن کے لیے 168 ملین روپے کی گرانٹ اور ہاوسنگ اتھارٹی کے بجٹ تخمینوں کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں مانسہرہ گریویٹی واٹر سپلائی سکیم کے لیے 49 ملین روپے کی لاگت سے چار گاڑیوں کی خریداری، 2025 کے سیلاب میں نقصانات کے ازالے،احساس ایجوکیشن انٹرن شپ پروگرام(207 ملین روپے)کا آغاز، 1,144 سکول لیڈرز کو مزید مواقع دینے کی منظوری اور مالی مشکلات کے شکار نو مریضوں کے علاج کے اخراجات کی معاونت بھی شامل ہے۔پشاور کے چھ بنیادی مراکز صحت (بی ایچ یوز) کو رورل ہیلتھ سینٹرز میں تبدیل کرنے،پانچ آوٹ سورس ہسپتالوں کے لیے نئے معاہدے،پاک بھارت جنگ کے شہداء و زخمیوں کے لیے خصوصی معاوضہ پیکیج اور سابق رکن متحدہ علماء بورڈ شہید مفتی فضل رحمان کے صاحبزادے کے لیے سولین وکٹم کمپنسیشن کی بھی منظوری دی گئی۔کابینہ نے خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کے رولز آف بزنس میں ترامیم کی منظوری دی اور گوجرانوالہ میں پنجاب پولیس کی حراست میں ماورائے عدالت خیبرپختونخوا کے دو شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے انکی انکوائری کے احکامات جاری کیے۔یہ اجلاس صوبے میں ترقی،استحکام،تعلیم، صحت اور عوامی تحفظ کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گا اور صوبے کے شہریوں کو وسیع پیمانے پر سہولیات فراہم کرے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز