اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب میں مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پر چار ماہ جاری رہنے والے مذاکرات کامیابی سے اختتام کو پہنچ گئے،جس کے بعد پنجاب حکومت، علمائے کرام اور اتحاد تنظیمات مدارس نے تمام تحفظات ختم کرتے ہوئے رجسٹریشن پر اتفاق کر لیا ہے،مدارس کی رجسٹریشن 3 فروری سے باقاعدہ شروع ہوگی اور تمام مدارس آن لائن فارم کے ذریعے رجسٹر ہوں گے،جس کے لیے علماء کرام،وفاق المدارس،محکمہ تعلیم،انڈسٹریز اور چیریٹی کمیشن کے ساتھ مشاورت مکمل کر لی گئی ہے،آن لائن فارم کی تیاری کے لیے تمام مکاتب فکر اور جید علما سے رائے لی گئی اور مدارس کے آئی ٹی عملے کی تربیت بھی جاری ہے تا کہ رجسٹریشن کا عمل شفاف اور موثر ہو۔
ٰٓایگزو نیوز کے مطابق پنجاب میں مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پر چار ماہ جاری رہنے والے مذاکرات کامیابی سے اختتام کو پہنچ گئے ہیں،جس کے بعد پنجاب حکومت،علمائے کرام اور اتحاد تنظیمات مدارس نے تمام تحفظات ختم کرتے ہوئے رجسٹریشن کے عمل پر اتفاق کر لیا ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ تاریخی معاہدہ علمائے کرام،وفاق المدارس اور مختلف مکاتب فکر کے ساتھ مسلسل مشاورت کے بعد طے پایا۔مدارس کی رجسٹریشن کے لیے آن لائن فارم تیار کیا گیا ہے،جس میں علماءکرام،اتحاد تنظیمات مدارس،محکمہ تعلیم،انڈسٹریز اور پنجاب چیریٹی کمیشن کی رائے کو شامل کیا گیا ہے تا کہ تمام مدارس شفاف اور موثر انداز میں رجسٹر ہو سکیں۔رجسٹریشن کا عمل 3 فروری سے باقاعدہ شروع ہو گا اور مدارس کو کسی دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔محکمہ داخلہ کے مطابق تمام مدارس آن لائن فارم کے ذریعے اپنا ڈیٹا فراہم کریں گے اور فارم جمع کرانے کے بعد وہ پنجاب چیریٹی کمیشن میں رجسٹر ہو جائیں گے۔اس کے علاوہ،مدارس کے آئی ٹی عملے کی تربیت بھی جاری ہے تا کہ رجسٹریشن کا عمل ہموار،موثر اور شفاف ہو۔
محکمہ داخلہ نے تصدیق کی کہ تمام مکاتب فکر اور جید علماء کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے آن لائن فارم تیار کیا گیا ہے اور تمام فریقین نے اس پر اتفاق کر لیا ہے۔محکمہ داخلہ نے بتایا کہ مدارس کی رجسٹریشن کے اس شفاف نظام سے نہ صرف انتظامی دشواریاں کم ہوں گی بلکہ تعلیمی اداروں میں بہتری،قانونی تحفظ اور مالی شفافیت بھی یقینی بنائی جائے گی۔اس اقدام کے ذریعے پنجاب میں مدارس کی نگرانی اور معیار کو بہتر بنایا جائے گا اور آئندہ کسی بھی قسم کی قانونی یا انتظامی رکاوٹ سے بچاو ممکن ہو گا۔علمائے کرام نے بھی اس معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ساتھ بامعنی مشاورت اور تعاون سے مدارس میں رجسٹریشن کا عمل شفاف اور موثر ہو گا اور یہ اقدام تعلیمی معیار اور انتظامی نظم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔وزارت داخلہ پنجاب کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ تمام مدارس اپنی رجسٹریشن کی معلومات وقت پر جمع کرائیں تا کہ 3 فروری سے رجسٹریشن کا عمل بلا کسی رکاوٹ شروع کیا جا سکے۔