صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پیرس اولمپکس 2024 میں شاندار کارکردگی پر ارشد ندیم کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دوسرے سب سے بڑے سول ایوارڈ ہلال امتیاز سے نواز دیا۔
صدر مملکت نے ارشد ندیم کو کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران سول ایوارڈ سے نوازا۔ ہلال امتیاز کے علاوہ حکومت کی جانب سے ارشد ندیم کو بڑے نقد انعامات اور تحائف بھی دیئے گئے۔
صدر سیکرٹریٹ پریس ونگ نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ اس سے قبل، 10 اگست کو صدر زرداری نے آئین کے آرٹیکل 259 (2) کے تحت جیولن چیمپئن کے لیے سول ایوارڈ کی منظوری دی۔ آئینی شق کے تحت صدر مملکت پاکستانی شہریوں کو زندگی کے مختلف شعبوں میں ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں سول ایوارڈز سے نواز سکتے ہیں۔ ہلال امتیاز پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا سویلین ایوارڈ ہے، جو غیر معمولی شراکت کے لیے سویلین اور فوجی اہلکاروں دونوں کو دیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم پاکستان کے لیے اولمپکس میں انفرادی طور پر طلائی تمغہ جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے پیرس اولمپکس 2024 کے جیولین تھرو مقابلے میں 92.97 میٹر کی دوری پر برچھا پھینک کر اولمپک کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔