Home » پیٹرول کی قیمت میں چھپا ٹیکس بم،فی لیٹر 129 روپے سے زائد ٹیکسز کا انکشاف

پیٹرول کی قیمت میں چھپا ٹیکس بم،فی لیٹر 129 روپے سے زائد ٹیکسز کا انکشاف

by ahmedportugal
11 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ایک چونکا دینے والی حقیقت سامنے آئی ہے،جس نے عوامی تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فی لیٹر پیٹرول میں 129 روپے سے زائد ٹیکسز اور مختلف چارجز شامل ہیں،جو مجموعی قیمت کا بڑا حصہ بنتے ہیں۔اس انکشاف نے نہ صرف ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کے پس پردہ عوامل کو بے نقاب کیا ہے بلکہ مہنگائی کے بڑھتے دباو اور عوامی بوجھ میں اضافے کی نئی بحث کو بھی جنم دے دیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ایک لیٹر پیٹرول اور ڈیزل میں شامل ٹیکسز،ڈیوٹیز اور دیگر چارجز کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں،جنہوں نے ایندھن کی قیمتوں کے ڈھانچے کو مزید واضح کر دیا ہے۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 129 روپے 72 پیسے مختلف ٹیکسز اور چارجز کی مد میں شامل ہیں،جو مجموعی قیمت کا تقریباً 32 فیصد بنتے ہیں۔ذرائع کے مطابق پیٹرول پر عائد ٹیکسز میں سب سے بڑا حصہ پٹرولیم لیوی کا ہے جو 103 روپے 50 پیسے فی لیٹر ہے جبکہ 23 روپے 72 پیسے کسٹم ڈیوٹی کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔اس کے علاوہ فریٹ چارجز 7 روپے 32 پیسے اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں(او ایم سیز) کا مارجن 7 روپے 87 پیسے فی لیٹر شامل ہے،جس سے مجموعی قیمت میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔

دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی قابل ذکر ٹیکسز شامل ہیں، جہاں فی لیٹر 82 روپے 81 پیسے مختلف ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی صورت میں وصول کیے جا رہے ہیں،جو مجموعی قیمت کا تقریباً 21 فیصد بنتے ہیں۔ڈیزل پر 51 روپے 62 پیسے کسٹم ڈیوٹی اور 28 روپے 69 پیسے لیوی عائد ہے جبکہ فریٹ چارجز،او ایم سی مارجن اور ڈیلرز مارجن بھی قیمت میں شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق ہائی آکٹین بلیندنگ کمپوننٹ(ایچ او بی سی)پر لیوی کی شرح 305 روپے 37 پیسے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے جبکہ پیٹرول،ڈیزل اور ایچ او بی سی پر 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر کے حساب سے کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی عائد کی گئی ہے۔مزید برآں مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل پر بھی ٹیکسز کا اطلاق جاری ہے،جہاں ان مصنوعات پر تقریباً 6 فیصد ٹیکس شامل ہے۔مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے اور لائٹ ڈیزل پر 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر لیوی وصول کی جا رہی ہے۔

یہ تفصیلات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب حکومت نے گذشتہ شب ہی نوٹیفکیشن کے ذریعے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 51 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا،جس کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بالترتیب 399 روپے 86 پیسے اور 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہیں۔واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ٹیکسز اور لیوی کا بڑا حصہ عوام پر اضافی مالی دباو ڈال رہا ہے،جس کے باعث نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھ رہے ہیں بلکہ مہنگائی کی مجموعی شرح پر بھی اس کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز