لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد،پنجاب کے بالائی اور وسطی علاقوں سمیت کئی اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔موسمیاتی حکام کے مطابق بارشوں کے باعث گرمی اور حبس کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے تاہم شدید بارش والے علاقوں میں شہریوں کو ممکنہ مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔پیشگوئی کے مطابق آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر تیز بارش کے ساتھ موسلا دھار بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی،لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر خطرات پیدا ہو سکتے ہیں جبکہ بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال بھی پیدا ہونے کا امکان ہے۔
حکام نے شہریوں،مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کریں،خاص طور پر پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے سے قبل موسم کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ ایک طرف موسم کو خوشگوار بنائے گا تاہم بعض علاقوں میں تیز بارش کے باعث ٹریفک، بجلی کی فراہمی اور روزمرہ سرگرمیاں عارضی طور پر متاثر ہونے کا امکان ہے۔شہریوں کو گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے گریز کرنے اور غیر محفوظ مقامات پر قیام نہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔