اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 13 سے 15 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے،جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں جبکہ مغربی ہواوں کا سلسلہ بھی بالائی علاقوں پر اثرانداز ہے۔دونوں موسمی نظاموں کے باعث مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ بعض مقامات پر بارش کی شدت زیادہ ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آزاد کشمیر کے نیلم ویلی،مظفرآباد،راولاکوٹ،پونچھ،ہٹیاں،باغ،حویلی،سدھنوتی،کوٹلی،بھمبر اور میرپور میں 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ان علاقوں میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
گلگت بلتستان کے دیامر،استور،غذر،سکردو،ہنزہ،گلگت،غانچے اور شگر میں بھی 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث سڑکوں اور سفری راستوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی برقرار رہے گا۔بالائی خیبرپختونخوا میں دیر،چترال،سوات،کوہستان،ملاکنڈ، شانگلہ ،بٹگرام،مانسہرہ،ایبٹ آباد،گلیات،بونیر،باجوڑ،مہمند،پشاور،نوشہرہ،مردان،صوابی،ہری پور،کرم اور خیبر کے علاقوں میں 12 سے 15 اگست کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
شمال مشرقی پنجاب کے مری،سیالکوٹ،نارووال،منڈی بہاوالدین،گجرات،گوجرانوالہ،حافظ آباد،وزیرآباد،لاہور،قصور،شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں بھی 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔اسلام آباد،راولپنڈی اور پوٹھوہار کے علاقوں میں 13 اگست کی شام یا رات سے 15 اگست تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرگودھا،فیصل آباد،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،خوشاب،لیہ،بھکر،نورپور تھل،ساہیوال،پاکپتن،بہاولنگر،بہاولپور،ڈیرہ غازی خان،ژوب،بارکھان اور موسیٰ خیل میں بھی 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک بارش متوقع ہے۔
سندھ کے جنوب مشرقی اور ساحلی علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابرآلود سے ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔تھرپارکر،عمرکوٹ اور سانگھڑ میں 12 اور 13 اگست کو گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کی صورت میں اسلام آباد،راولپنڈی،مردان،صوابی،گوجرانوالہ،گجرات،سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔شہریوں کو نشیبی علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔اسی طرح دیر،چترال،سوات،کوہستان،بونیر،بٹگرام، مانسہرہ،ہری پور اور ایبٹ آباد سمیت بالائی خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان،مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو بارش کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے والوں کو موسمی صورت حال اور سڑکوں کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔کسانوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متوقع بارشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں اور مویشیوں کی حفاظت کے لیے ضروری انتظامات یقینی بنائیں۔محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ شدید بارش،اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر پیشگی اقدامات کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے موثر انداز میں نمٹا جاسکے۔