کراچی(ایگزو شوبز ڈیسک)پاکستان میں غیرت کے نام قتل کے واقعات کم ہونے کی بجائے بڑھ رہے ہیں جبکہ بلوچستان کے علاقے ڈیگاری میں ہونے والے دوہرے قتل کی بازگشت تاحال پورے ملک میں سنائی دی جا رہی ہے ،ہر طبقہ فکر کی جانب سے اس مذموم واقعہ کی نہ صرف مذمت کی جا رہی ہے بلکہ قبائلی نظام اور جرگہ سسٹم کے خلاف ایوان بالا میں بھی اراکین کی جانب سے تقریریں کی گئی ہیں ،ایسے میں پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر بھی شدید غصے میں دکھائی دیں ،انہوں نے ایسی بات کہہ دی ہے کہ پاکستانی مرد گہری سوچ میں ڈوب جائیں گے ۔
ایگزو نیوز کے مطابق بلوچستان کے علاقے ڈیگاری میں غیرت کے نام پر کیے گئے دل دہلا دینے والے قتل پر شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات بھی خاموش نہ رہ سکیں۔معروف اداکارہ ہانیہ عامر اور نعیمہ بٹ نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل کے ذریعے نہ صرف واقعے کی مذمت کی بلکہ معاشرتی اقدار پر بھی سوالات اٹھا دیے۔اداکارہ ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں صرف ایک جملہ لکھا ہوا لیکن اس ایک جملے نے معاشرے کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کردیا ہے۔ہانیہ عامر نے جو تحریر شیئر کی اس میں لکھا تھا کہ”اگر عورتیں غیرت کے نام پر قتل شروع کر دیں تو معاشرے میں ایک بھی مرد زندہ نہ بچے“۔ہانیہ عامر نے اس عکسی پوسٹ پر کوئی کیپشن نہیں دیا لیکن پیغام بالکل واضح اور پر تاثیر تھا،ان کا اشارہ بلوچستان واقعے کی جانب تھا۔دوسری جانب اداکارہ اداکارہ نعیمہ بٹ نے ڈیگاری واقعے کی تصویر کے ساتھ ایک معنی خیز کیپشن شیئر کیا۔انھوں نے لکھا کہ” ڈرپوک دیکھا ہے؟وہ دیکھو ہاتھ میں بندوق ہے،بہادر دیکھنا ہے؟وہ دیکھو ہاتھ میں قرآن ہے،بس اتنی سی کہانی ہے“۔سوشل میڈیا صارفین نے ان دونوں کی پوسٹس کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ معاشرے میں قانون کی عمل داری بے حد ضروری ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان میں پیش آنے والا یہ افسوسناک واقعہ عید الاضحیٰ سے چند روز قبل کا ہے تاہم اس کی ویڈیو اب وائرل ہوئی اور بلوچستان کی صوبائی حکومت نے ایکشن لیتے ہوئے واقعہ میں ملوث قبائلی سردار سمیت 13 افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت آنے والے دنوں میں اس کیس کے حوالے سے انتہائی بے بس دکھائی دے گی اور قبائلی سردار سمیت تمام گرفتار افراد رہا ہو جائیں گے کیونکہ حکومت نے سوشل میڈیا کے پریشر سے بچنے کے لئے مقدمہ تو درج کر لیا ہے لیکن اس کی بنیاد اتنی کمزور ہے کہ ملزموں کو قرار واقعی سزا ملنا انتہائی مشکل ہو گا۔