Home » حمزہ شہباز کا نیا سیاسی مرکز،وزیر اعظم ہاوس میں باقاعدہ دفتر سنبھال لیا

حمزہ شہباز کا نیا سیاسی مرکز،وزیر اعظم ہاوس میں باقاعدہ دفتر سنبھال لیا

by ahmedportugal
13 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے وزیراعظم ہاوس میں اپنا نیا دفتر سنبھال لیا ہے،جس کے بعد وفاقی سطح پر ان کی سیاسی سرگرمیوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز نے گزشتہ روز مختلف وفاقی وزرا سے ملاقاتیں بھی کیں جبکہ وہ وزیراعظم ہاوس کے چھٹے فلور پر قائم دفتر سے اپنے امور انجام دیں گے۔
ایگزو نیوز کے مطابق حمزہ شہباز نہ صرف پارٹی کارکنوں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریں گے بلکہ پبلک اکاونٹس کمیٹی سے متعلق معاملات کی نگرانی بھی کریں گے۔ اس مقصد کے لیے کارکنوں کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی امکان ہے۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز پیر سے باقاعدہ طور پر اپنے دفتری معاملات کا آغاز کریں گے، جہاں وہ سیاسی رابطوں، پارٹی امور اور دیگر ذمہ داریوں کو دیکھیں گے۔حمزہ شہباز مسلم لیگ ن کے اہم رہنماوں میں شمار ہوتے ہیں اور اس سے قبل پنجاب کے وزیراعلیٰ بھی رہ چکے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے ہونے کے باعث ان کا سیاسی کردار ہمیشہ مرکز نگاہ رہا ہے تاہم وزیراعظم ہاوس میں دفتر سنبھالنے کے بعد وفاقی سیاست میں ان کی مصروفیات اور اثر و رسوخ میں مزید اضافہ ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ عرصے میں مسلم لیگ ن کے اندر پنجاب کی تنظیمی سیاست کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق مری میں ہونے والی ایک اہم سیاسی بیٹھک کے دوران حمزہ شہباز کی جانب سے پنجاب میں پارٹی صدارت سنبھالنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا گیا تھا تاہم پارٹی کے اندر موجود اختلافات اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مبینہ تحفظات کے باعث یہ معاملہ حتمی شکل اختیار نہ کر سکا۔سیاسی حلقوں کے مطابق حمزہ شہباز کو وفاقی سطح پر متحرک کرنے کا فیصلہ مسلم لیگ ن کی آئندہ سیاسی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے جبکہ ان کے نئے کردار کو پارٹی کارکنوں اور تنظیمی معاملات سے رابطے مضبوط بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔حمزہ شہباز، وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے ہیں اور اس سے قبل پنجاب کے وزیراعلیٰ اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سمیت اہم سیاسی ذمہ داریاں ادا کر چکے ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز