Home » قومی اثاثوں کی لوٹ سیل ناقابل قبول،پی آئی اے کی نجکاری سے حکومتی نا اہلی ثبوت،حافظ نعیم الرحمان نے شہباز شریف حکومت کا پول کھول دیا

قومی اثاثوں کی لوٹ سیل ناقابل قبول،پی آئی اے کی نجکاری سے حکومتی نا اہلی ثبوت،حافظ نعیم الرحمان نے شہباز شریف حکومت کا پول کھول دیا

by ahmedportugal
15 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز(پی آئی اے)کی فروخت اور قومی اثاثوں کی لوٹ سیل پر شدید تحفظات کا اظہار اور شہباز شریف حکومت کی نا اہلی اور بدانتظامی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری نہ صرف قومی مفاد کے خلاف ہے بلکہ پرائیویٹ سیکٹر میں غیر ضروری تاجروں کی سرپرستی کی وجہ سے ملکی قومی ادارے نقصان کا شکار ہوئے ہیں،جعلی بھرتیوں،بد انتظامی اور قومی اثاثوں کی غیر قانونی فروخت کسی صورت قابل قبول نہیں اور حکومت کے ایسے اقدامات پاکستانی عوام کے اعتماد کو مجروح کر رہے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی فروخت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور اسے ملکی قومی اداروں کی تباہی کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے پی آئی اے کو فروخت کر کے اپنی نا اہلی،نالائقی اور بدانتظامی کا عملی ثبوت دے دیا ہے،پاکستان کی قومی ائیر لائنز کی نجکاری نہیں ہونی چاہیے بلکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ پرائیویٹ سیکٹر میں تاجروں کی سرپرستی کرے اور قومی اداروں کو فروخت کی بنیاد پر ضائع نہ ہونے دے،پی آئی اے نے ماضی میں عرب امارات،سعودی عرب اور چین کے عملے کو تربیت فراہم کی ہے جبکہ مسلم لیگ ن،پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی جعلی بھرتیوں کی وجہ سے ادارہ نقصان میں گیا۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ موجودہ پی آئی اے نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران 10 ارب روپے کا منافع حاصل کیا ہے،اس کے باوجود اسے فروخت کرنا ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے استفسار کیا کہ کل 38 جہازوں میں سے 18 جہاز فعال ہیں اور ایک جہاز کی قیمت 80 سے 90 ارب روپے ہے،جسے صرف 135 ارب روپے میں فروخت کرنا ”کوڑیوں کے مول فروخت“ کے مترادف ہے،اگر 335 ارب روپے کی بولی لگتی تو بھی پی آئی اے کی فروخت درست نہیں تھی۔حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ پائلٹ کی جعلی بھرتیوں اور بدانتظامی کے ذمہ دار سابق حکومتیں ہیں،جنہوں نے قومی اثاثوں کی تباہی کی اور ایسے اقدامات کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے۔انہوں نے زور دیا کہ قومی اثاثوں کی لوٹ سیل، سیاسی نا اہلی اور بد انتظامی نا قابل قبول ہیں اور پاکستانی قوم کو نظام کی تبدیلی کے لیے آگے بڑھنا ہو گا۔اس دوران انہوں نے خارجہ پالیسی پر بھی موقف اختیار کیا،کہا کہ اسرائیل اور بھارت کے رویے یکساں ہیں اور پاکستان کو فلسطین کی حمایت جاری رکھنی چاہیے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کشمیر میں ثالثی کے دعووں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان پر عمل درآمد نہیں ہوا اور آئی ایم ایف کے تحت عائد پابندیوں کو قبول نہیں کیا جانا چاہیے۔حافظ نعیم الرحمان نے اختتام پر کہا کہ قومی مفاد کی حفاظت ہر حکمران کی ذمہ داری ہے اور قومی اداروں کی تباہی یا لوٹ مار کسی بھی صورت قبول نہیں کی جائے گی،اس لیے پاکستانی قوم کو متحد ہو کر نظام میں اصلاحات اور تبدیلی کے لیے قدم آگے بڑھانا ہو گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز