لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے اغوا اور ان پر قائم کیے جانے والے غیر قانونی مقدمات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دنیا کے سامنے ایک بین الاقوامی غنڈے کے روپ میں سامنے آ رہا ہے۔ انہوں نے عالمی طاقتوں کی بے بسی اور من مانی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ غزہ کے قاتل اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو ٹرمپ کی آنکھ کا تارا بن چکا ہے جبکہ دنیا بھر میں بدمعاشی پر مبنی یہ عالمی نظام دیرپا نہیں رہ سکتا۔ حافظ نعیم الرحمان نے انسانیت دوست اور قانون پسند قوتوں پر زور دیا کہ وہ اس عالمی جبر کے خلاف اٹھ کھڑی ہوں۔
ایگزو نیوز کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ” ایکس “پر جاری بیان میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وینزویلا کے صدر کے اغوا اور ان پر غیر قانونی مقدمات کے بعد دنیا میں ایک مرتبہ پھر نوآبادیاتی نظام کو عملی طور پر مسلط کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا رویہ اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ عالمی قوانین اور بین الاقوامی اقدار کو پامال کرتے ہوئے بڑی اقوام کو کھلے عام دھمکیاں دے رہا ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے اس صورتحال پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی طاقتیں بین الاقوامی امن کے قیام کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہیں،جس کے نتیجے میں امریکی من مانی ایک بار پھر زور پکڑتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف 80 ہزار انسانوں کا قاتل اور غزہ کو مکمل طور پر تہس نہس کرنے والا اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو امریکی صدر ٹرمپ کی آنکھ کا تارا بنا ہوا ہے جبکہ دوسری جانب ٹرمپ اپنے سیاسی اور عالمی مخالفین کے خلاف یلغار کیے ہوئے ہے۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ بدمعاشی پر مبنی یہ عالمی نظام زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا، اور خود امریکی عوام کے اندر بھی ان ظالمانہ اور جارحانہ اقدامات کے خلاف شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کی انسانیت دوست، انصاف پسند اور قانون پر یقین رکھنے والی قوتوں کو اس عالمی جبر کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہو گا ورنہ بین الاقوامی نظام مکمل طور پر طاقتور کے ہاتھ میں یرغمال بن کر رہ جائے گا۔