لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی نے احتجاجی تحریک کا اعلان کردیا۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے پٹرول کی قیمتوں میں فوری کمی اور لیوی کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا،جس میں عوام کو بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور پٹرولیم لیوی کے نفاذ کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کردیا ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ’ ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کرے اور پٹرولیم لیوی فوری طور پر ختم کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم لیوی عوام پر اضافی بوجھ ہے جسے انہوں نے”جگا ٹیکس”قرار دیتے ہوئے ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مہنگے ایندھن کے باعث عام شہری،مزدور،کسان،طلبہ، نوجوان، بائیک رائیڈرز اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد شدید متاثر ہو رہے ہیں،اس لیے حکومت کو عوامی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے فوری فیصلے کرنا ہوں گے۔انہوں نے اعلان کیا کہ 7 اگست کو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا،جو عوامی حقوق کے لیے مزاحمت کی نئی تاریخ رقم کرے گا۔
حافظ نعیم الرحمن نے طلبہ،نوجوانوں،ڈیلیوری بوائز،کورئیر سروس سے وابستہ افراد،مزدوروں،کسانوں اور عام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے ساتھ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی پرامن سیاسی جدوجہد کے ذریعے عوامی مسائل اجاگر کرتی رہے گی،عوام اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے آواز بلند کریں گے اور حکومت کو عوامی مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے مہنگائی کا دباو بڑھ رہا ہے،جس کا براہ راست اثر عام آدمی کی زندگی پر پڑ رہا ہے،اس لیے حکومتی پالیسیوں میں عوامی ریلیف کو ترجیح دی جانی چاہیے۔