Home » سانحہ گل پلازہ،26 جاں بحق،70 لاپتہ،عمارت کسی بھی لمحے گرنے کا خدشہ،ریسکیو آپریشن خطرات کے سائے میں جاری

سانحہ گل پلازہ،26 جاں بحق،70 لاپتہ،عمارت کسی بھی لمحے گرنے کا خدشہ،ریسکیو آپریشن خطرات کے سائے میں جاری

by ahmedportugal
3 views
A+A-
Reset

کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)کراچی کے مصروف تجارتی علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ شاپنگ مال میں ہفتے کی شب لگنے والی ہولناک آگ پر بالآخر قابو پا لیا گیا ہے تاہم سانحے کے نتیجے میں عمارت کا تقریباً 40 فیصد حصہ منہدم ہو چکا ہے جبکہ دم گھٹنے اور جھلسنے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 26 تک پہنچ گئی ہے۔ملبہ ہٹانے اور لاشیں نکالنے کا عمل تا حال جاری ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گل پلازہ آتشزدگی میں لاپتہ 70 افراد کی فہرست جاری کر دی گئی ہے،جس کے مطابق بیشتر لاپتہ افراد کی عمریں 15 سے 40 سال کے درمیان ہیں جبکہ فہرست میں متعدد خواتین بھی شامل ہیں۔حکام کے مطابق جناح ہسپتال کے برنس وارڈ میں لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جائیں گے کیونکہ کئی لاشیں بری طرح جھلسنے کے باعث ٹکڑوں کی صورت میں ملی ہیں اور ظاہری شناخت ممکن نہیں رہی۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گل پلازہ کی عمارت کا سٹرکچر شدید حد تک متاثر ہو چکا ہے اور کسی بھی وقت مزید منہدم ہونے کا خدشہ ہے،جس کے باعث اطراف کے علاقوں کو کارڈن آف کر دیا گیا ہے۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب  نے 18 لاشوں کی شناخت مکمل ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ درجنوں افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو اہلکار متاثرہ عمارت کے اندر داخل ہو چکے ہیں۔ریسکیو آپریشن اس وقت عمارت کی دوسری منزل پر جاری ہے جبکہ پہلی منزل پر لاشوں کی تلاش کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ریسکیو اہلکار 40 گھنٹے بعد گل پلازہ میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے اور سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔ریسکیو کارروائی کے دوران دوسری منزل پر تلاش جاری تھی کہ اچانک دوبارہ آگ بھڑک اٹھی،جس پر فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے فوری طور پر پانی کا چھڑکاو شروع کر دیا۔اندھیرے کے باعث ریسکیو اہلکار ٹارچوں کی مدد سے عمارت میں موجود افراد کی تلاش کر رہے ہیں۔صورتحال کے پیش نظر سیڑھیاں ہٹا دی گئیں اور اہلکار عارضی طور پر عمارت سے باہر آ گئے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ طارق نے لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے اپیل کی ہے کہ وہ سول ہسپتال پہنچ کر ڈی این اے کے لیے بلڈ سیمپلز اور دیگر ضروری معلومات فراہم کریں۔ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کی لاشیں سول ہسپتال منتقل کی جا رہی ہیں،جہاں پوسٹ مارٹم اور لواحقین کے نمونے حاصل کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نمونے جامعہ کراچی کے انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کو بھیجے جائیں گے تاہم یہ ایک وقت طلب عمل ہے جس کے لیے صبر و تحمل ضروری ہے۔دوسری جانب گل پلازہ کے باہر لاپتہ افراد کے اہل خانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔گل پلازہ سے متصل عمارتوں پر بھی آگ کے اثرات نمایاں ہونے لگے ہیں جبکہ رمپا پلازہ کے ستون اور بنیادیں کمزور پڑنے کی اطلاعات ہیں۔ریسکیو حکام نے عوام کو مسلسل عمارت سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے شہریوں کی رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کیے گئے ہیں جبکہ اہل خانہ نے لاپتہ افراد کے نام انتظامیہ کے پاس درج کرا دیے ہیں۔ہسپتالوں اور جائے وقوعہ پر آویزاں فہرستوں میں نام تلاش کرنے کا سلسلہ جاری ہے،جہاں کسی کو اپنے پیارے کا سراغ ملا تو کسی کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ریسکیو 1122 کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر عابد جلال الدین شیخ کے مطابق جائے حادثہ پر پانچ مختلف نشاندہی شدہ مقامات پر بیک وقت تین سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ ایک خصوصی ٹیم فائر فائٹنگ اور کولنگ کے عمل میں مصروف ہے تا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران محفوظ ماحول یقینی بنایا جا سکے جبکہ ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری استعمال کی جا رہی ہے۔چیف فائر آفیسر ہمایوں احمد نے بتایا کہ گل پلازہ میں مرکزی آگ کو مکمل طور پر بجھا دیا گیا ہے اور اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے تاہم عمارت کا موجودہ ڈھانچہ انتہائی خطرناک حالت میں ہے۔ان کے مطابق ملبہ کلیئر کرنے کے عمل میں 15 سے 17 دن لگ سکتے ہیں۔ڈی آئی جی ساوتھ اسد رضا کے مطابق اب تک جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون جبکہ دیگر تمام مرد شامل ہیں۔ ناقابل شناخت لاشوں کو امانتاً ایدھی سرد خانے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے 59 لاپتہ افراد کی موبائل لوکیشنز حاصل کر لی ہیں اور مزید اسکرونٹی جاری ہے۔سانحے پر اظہارِ یکجہتی کے طور پر تاجر برادری نے کراچی بھر میں الیکٹرانکس اور موبائل مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ مارکیٹوں میں قرآن خوانی اور دعاوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز