حکومت نے ٹرانسپورٹیشن کے شعبے میں کاربن کے اخراج کو کم کرنے کیلئے نئی الیکٹرک گاڑیوں (این ای وی) پالیسی 2025-30 پر مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔
وزارت صنعت میں اس سلسلے میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں گاڑیوں کے صنعتکاروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نئی پالیسی کا مقصد مقامی (این ای وی) کی تیاری کو فروغ دینا، فوسل فیول کی درآمدات میں کمی لانا، اور کاربن کے اخراج کو کم کرنا ہے۔
پالیسی کے تحت نیو انرجی گاڑیوں کی پیداوار کو بڑھانے کیلئے مختلف ترغیبات پر بات چیت کی گئی، جن میں ٹیکس میں چھوٹ، نیو انرجی وہیکل کے اجزاء پر درآمدی ڈیوٹی میں کمی، اور ماحولیاتی طور پر دوستانہ ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کیلئے سبز مالیاتی سہولتیں شامل ہیں۔
تاہم، صنعت کے ذرائع نے بتایا کہ کار سازوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ این ای وی پالیسی کے تحت فراہم کی جانے والی مراعات سے صرف 10-20 فیصد آٹو صارفین کو فائدہ پہنچے گا کیونکہ این ای وی کی قیمت انٹرنل کمبشن انجن (آئی سی ای) اور ہائبرڈ گاڑیوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
وزارت صنعت و پیداوار کے تحت انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کی طرف سے تیار کردہ، پالیسی پائیدار، کم اخراج والی گاڑیوں کو اپنانے اور ملک بھر میں سبز ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کیلئے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتی ہے۔