Home » حکومت،اپوزیشن مذاکرات رنگ لے آئے،پی ٹی آئی نے حکومتی درخواست پر لیاقت باغ کا جلسہ منسوخ کر دیا

حکومت،اپوزیشن مذاکرات رنگ لے آئے،پی ٹی آئی نے حکومتی درخواست پر لیاقت باغ کا جلسہ منسوخ کر دیا

by ahmedportugal
8 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد سیاسی درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے،جس کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نے حکومتی درخواست پر راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ہونے والا جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اس پیش رفت کو موجودہ سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال میں ایک اہم مفاہمتی قدم قرار دیا جا رہا ہے،جس کا مقصد قومی مفاد اور امن و استحکام کو ترجیح دینا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہونے والے اہم مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں،جس کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف نے راولپنڈی کے لیاقت باغ میں کل بروز جمعرات ہونے والا جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے،یہ پیش رفت ملک کی موجودہ سیاسی اور علاقائی صورتحال میں ایک اہم موڑ کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔ پارلیمنٹ ہاوس میں حکومتی اتحادیوں اور اپوزیشن رہنماوں کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی،جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف،اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی،چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان اور جنید اکبر شریک ہوئے۔اس کے علاوہ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف،نوید قمر اور امین الحق بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات میں باہمی مشاورت کے بعد سیاسی کشیدگی میں کمی اور مفاہمتی راستہ اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے بعد اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ پی ٹی آئی نے حکومتی درخواست پر جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،موجودہ حالات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ قومی مفاد اور امن و استحکام کو ترجیح دی جا سکے۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی پولیٹیکل کمیٹی کا ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا،جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سمیت پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور بالخصوص مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت،خصوصاً امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔پولیٹیکل کمیٹی نے ایران امریکا جنگ بندی کو ایک اہم سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ خطے میں محض عارضی جنگ بندی نہیں بلکہ مستقل امن ناگزیر ہے۔پارٹی کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں استحکام نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی معیشت اور انسانی سلامتی کے لیے بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔پی ٹی آئی نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ پاکستان 10 اپریل کو اسلام آباد میں ایک اہم بین الاقوامی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے،جس میں متعلقہ فریقین کے درمیان مستقل جنگ بندی کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔پارٹی کے مطابق اس حساس سفارتی مرحلے کے پیش نظر جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ توجہ مکمل طور پر امن مذاکرات اور سفارتی کوششوں پر مرکوز رکھی جا سکے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران بھی اس فیصلے کا عندیہ دیا، جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بھی اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے پیغام بھجوایا کہ موجودہ حالات میں جلسہ موخر کیا جانا چاہیے۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے بھی اس جلسے کے انعقاد کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے پی ٹی آئی کی این او سی درخواست مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال، دفعہ 144 کے نفاذ اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر عوامی اجتماع کی اجازت دینا ممکن نہیں۔انتظامیہ کے مطابق ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں سیکیورٹی خدشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ بڑے عوامی اجتماعات میں شہریوں کی جان و مال کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔مزید یہ کہ سیکیورٹی انتظامات کے لیے درکار وسائل کی بڑے پیمانے پر تعیناتی موجودہ حکومتی کفایت شعاری پالیسی کے باعث ممکن نہیں۔ان تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے،حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہونے والے کامیاب مذاکرات کے بعد پی ٹی آئی نے جلسہ منسوخ کرنے پر اتفاق کیا۔پارٹی نے واضح کیا ہے کہ جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان بعد ازاں مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیش رفت نہ صرف فوری سیاسی درجہ حرارت میں کمی کا باعث بنے گی بلکہ خطے میں جاری سفارتی کوششوں کے لیے بھی ایک مثبت اشارہ ہے، جس سے مستقبل میں مزید مفاہمتی اقدامات کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز