اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)حکومت نے پرائز بانڈ ہولڈرز کے لیے مالی ریلیف برقرار رکھتے ہوئے انعامی رقم پر عائد ٹیکس کی شرح میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نئے مالی سال کے آغاز پر نافذ ہونے والے فنانس ایکٹ کے باوجود انعامی رقم پر پرانے ٹیکس قواعد برقرار رہیں گے،جس کے تحت فائلرز اور نان فائلرز پر حسبِ سابق ٹیکس لاگو ہوگا۔
ایگزو نیوز کے مطابق نئے مالی سال 2026-27 کا فنانس ایکٹ یکم جولائی سے نافذ العمل ہو چکا ہے،جس کے تحت مختلف شعبوں میں ٹیکس قوانین پر نظرثانی کی گئی ہے تاہم پرائز بانڈ رکھنے والوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ حکومت نے انعامی رقم پر عائد ٹیکس کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔نئے فنانس ایکٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران بھی پرائز بانڈ کی انعامی رقم پر فائلرز سے 15 فیصد جبکہ نان فائلرز سے 30 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔اس طرح انعام جیتنے والے افراد کو گزشتہ مالی سال کی طرح ہی ٹیکس ادا کرنا ہو گا اور اس مد میں کسی اضافی بوجھ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔پرائز بانڈ سکیم کے تحت مختلف مالیت کے بانڈز پر سینکڑوں افراد ہر قرعہ اندازی میں انعامات حاصل کرتے ہیں،جن میں بڑے اور چھوٹے دونوں انعامات شامل ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ ملک میں بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جو سود سے اجتناب کرتے ہوئے اپنی بچت پرائز بانڈز میں لگاتے ہیں،جس کے باعث یہ سکیم محفوظ سرمایہ کاری اور نقد انعامات کے حصول کا ایک مقبول ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔
حکومت کی جانب سے پرائز بانڈ ہولڈرز کے لیے اچھی خبر،انعامی رقم پر ٹیکس شرح برقرار
11