Home » گورنر راج یا عوامی راج؟خیبر پختونخوا میں نئی سیاسی جنگ کا آغاز،ہم نہیں رکیں گے،نیا وزیرِ اعلیٰ آج ہی منتخب ہو گا،سلمان اکرم راجہ کا دوٹوک اعلان

گورنر راج یا عوامی راج؟خیبر پختونخوا میں نئی سیاسی جنگ کا آغاز،ہم نہیں رکیں گے،نیا وزیرِ اعلیٰ آج ہی منتخب ہو گا،سلمان اکرم راجہ کا دوٹوک اعلان

by ahmedportugal
2 views
A+A-
Reset

پشاور(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما اور معروف قانون دان سلمان اکرم راجہ  نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا عمل آج سے با ضابطہ طور پر شروع ہو جائے گا،پارٹی کے تمام 92 ارکانِ اسمبلی سہیل خان آفریدی کو متفقہ طور پر وزیرِ اعلیٰ منتخب کرنے کے لئے تیار ہیں،علی امین گنڈاپور کے استعفے کے بعد آئین کے مطابق نیا وزیرِ اعلیٰ منتخب کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں،گورنر کی منظوری یا گزٹ نوٹیفکیشن کی آئین میں کوئی شرط نہیں رکھی گئی،ہم تصادم نہیں،آئینی تسلسل چاہتے ہیں،اب بس بہت ہو گیا،پاکستان کے عوام کے نمائندوں کی آواز سنی جائے۔
ایگزو نیوز کے مطابق سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ گورنر ہاوس کو وصول ہو چکا ہے اور خود گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یہ دستاویز سوشل میڈیا پر جاری بھی کی ہے،آئین کے آرٹیکل 130 کی شق(8)میں واضح طور پر درج ہے کہ وزیر اعلیٰ اپنے دستخط  شدہ استعفے کے ذریعے گورنر کو آگاہ کرے تو استعفیٰ موثر تصور ہوتا ہے،اس کے لیے کسی منظوری کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ گورنر کے پاس یہ اختیار ہی نہیں کہ وہ استعفے کی آئینی حیثیت پر فیصلہ کرے بلکہ گورنر کی واحد ذمہ داری نئے وزیر اعلیٰ سے حلف لینا ہے،اگر گورنر کسی وجہ سے حلف لینے سے انکار کرے تو چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کسی اور مجاز شخصیت کو یہ ذمہ داری تفویض کر سکتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس پیر کے روز طلب کیا گیا ہے،جس میں نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا،سہیل آفریدی کی نامزدگی پر قبائلی اضلاع اور کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے،عوام جانتے ہیں کہ وہ صوبے کے معاملات بہتر طور پر چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف حالیہ دنوں میں مختلف الزامات عائد کیے جا رہے ہیں،جن میں سب سے سنگین الزام دہشت گردی کے سہولت کار ہونے کا ہے،یہ الزامات بے بنیاد،سیاسی اور نفرت انگیز ہیں،تحریک انصاف نے ہمیشہ آئین کی بالادستی،شفاف طرزِ حکمرانی اور جمہوری اصولوں کے دفاع کی بات کی ہے،ہم پر سہولت کاری کا طعنہ دیا گیا،ہمیں ڈرایا گیا کہ ریاست کا سامنا کرنا پڑے  گا لیکن  ہم  نہ  جھکے  ہیں  نہ جھکیں گے۔سلمان اکرم راجہ  نے وفاقی وزرا اور اداروں کے حالیہ بیانات پر بھی سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزرا اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے جو کہا،وہ ان کا موقف ہے مگر پی ٹی آئی آئینی طریقے سے اپنا حق استعمال کرے گی،ہم آئین کے مطابق آگے بڑھیں گے،کسی دباو یا دھمکی سے مرعوب نہیں ہوں گے،علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ آئینی طور پر موثر ہے اور نیا وزیر اعلیٰ منتخب کرنا اب اسمبلی کی ذمہ داری ہے،گورنر راج کی باتیں غیر آئینی ہیں،جب بھی ایسے اقدامات کیے گئے،ملک کو نقصان ہوا،ہم چاہتے ہیں کہ سیاسی عمل جاری رہے،صوبائی اسمبلی اپنا کردار ادا کرے اور عوامی نمائندے فیصلہ کریں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پارٹی کے کارکن اور قیادت عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں،پاکستان کی 90 فیصد عوام عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے،خان صاحب  نے ہمیں ایک قوم بنایا، ہمیں اقبالؒ کے خواب کا احساس دیا۔انہوں نےمقتدر حلقوں پر الزام لگایا کہ اس نے عدلیہ کو یرغمال بنایا،صحافت کو دبایا،گھروں پر حملے کیے، عورتوں اور بچوں پر ظلم کیا اور شہری آزادیوں کو پامال کیا،اب بس بہت ہو گیا،ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے عوام کے نمائندوں کی آواز سنی جائے،پی ٹی آئی ریاست کے اداروں کے خلاف نہیں بلکہ ان کی محافظ ہے،یہ ریاست ہماری ہے،فوج،پولیس،عدلیہ سب ہمارے ادارے ہیں،ہم تصادم نہیں،آئینی تسلسل چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پر دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ رکھنے کا الزام مضحکہ خیز ہے،ایک طرف کہا جاتا ہے کہ دہشت گرد سرحد پار سے آتے ہیں،دوسری طرف ہم پر الزام لگایا جاتا ہے کہ ہم نے دہشت گرد بسائے،پہلے یہ تو طے کریں کہ دہشت گرد کون ہیں؟۔ سلمان اکرم راجہ  نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کو تقسیم نہیں بلکہ متحد کرنا چاہتی ہے،ہم یگانگت کے علمبردار ہیں،عوام ہمارے ساتھ ہیں،ہمیں ڈرانے دھمکانے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا،اگر ہمارے آئینی حق میں رکاوٹ ڈالی گئی تو اس کے نتائج بھیانک ہوں گے،ہم صرف آئین اور قانون کی بات کرتے ہیں اور اسی پر عمل کروائیں گے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز