اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے حکومت کے سپیشل اکنامک زون کے ترمیمی آرڈیننس کو واپس لینے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ وقت اور حالات کے مطابق درست رہا۔
ایگزو نیوز کے مطابق پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ روز صدر کی منظوری کے بغیر جاری ہونے والے آرڈیننس کے معاملے پر قومی اسمبلی سے ہمارے واک آوٹ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر سمری موو کرتے ہوئے آرڈیننس واپس لے لیا اور اب اگر بل کی صورت میں لایا جائے گا تو پارلیمنٹ میں اس پر مناسب بحث ہو گی۔راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے واک آوٹ کا نوٹس لینا اچھی بات اور اتحادی یکجہتی کی علامت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اور اتحادی جماعتیں ملکی مفاد کے لیے مکمل یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھیں اور اگر کسی نے غلطی سے آرڈیننس جاری کیا ہو تو اس کی نشاندہی ضروری ہے۔انہوں نے زور دیا کہ صدر مملکت کے دستخطوں کے بغیر جاری ہونے والے آرڈیننس کے پس پردہ عناصر کو بے نقاب کیا جانا چاہیے تا کہ حکومتی اتحاد مضبوط اور پاکستان کے مفاد میں رہ سکے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو ملکی مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں تاکہ حکومت اور اتحادی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد رہیں اور کسی بھی قسم کے اختلافات کو ملکی مفاد پر فوقیت نہ دی جائے۔
حکومت کا سپیشل اکنامک زون آرڈیننس واپس،راجہ پرویز اشرف نے فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا
5