Home » بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو کھلا چیلنج اور کھلی دعوت،حکومت تیار مگر جھوٹ اور بیانیہ نہیں چلے گا: بیرسٹر عقیل ملک

بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو کھلا چیلنج اور کھلی دعوت،حکومت تیار مگر جھوٹ اور بیانیہ نہیں چلے گا: بیرسٹر عقیل ملک

by ahmedportugal
157 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان کی ممکنہ پاکستان آمد پر دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر وہ پاکستان آنا چاہتے ہیں تو حکومت نہ صرف انہیں خوش آمدید کہے گی بلکہ کسی قسم کی رکاوٹ بھی نہیں ڈالے گی، حکومت کو بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کی آمد یا ملاقات پر اعتراض نہیںتاہم سیاسی بیانیہ بنانے اور حقائق کے برعکس باتوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ایگزو نیوز کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ اگر قاسم خان اور سلیمان خان پاکستان آنا چاہتے ہیں تو ہم انہیں ویلکم اور جی آیاں نوں کہیں گے، حکومت کو اس پر کوئی مسئلہ نہیں، حکومت کی جانب سے نہ ویزا میں رکاوٹ ہے اور نہ ملاقات میں، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ حکومت نے پہلے بھی 24 گھنٹوں میں ویزا فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی، مگر اس کے باوجود بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔وزیر مملکت نے سخت لہجے میں کہا کہ اگر والد سے ملنے نہیں آنا تو نہ آئیں لیکن جھوٹ بول کر سیاسی تاثر بنانے کی کوشش نہ کی جائے، بانی پی ٹی آئی کے بیٹے دو سال پہلے بھی پاکستان آ سکتے تھے مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا، اب اچانک بیانات دینا شکوک کو جنم دیتا ہے۔بیرسٹر عقیل ملک نے پی ٹی آئی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور دیگر رہنما ملاقاتوں کو سیاسی بیانیہ بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں، چاہے وہ بیانیہ ملک کے مفاد کے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے کیے گئے 525 ٹوئٹس پاکستان کے مفاد میں نہیں تھے اور یہ بھی واضح نہیں کہ ان کا ایکس (ٹوئٹر) اکاونٹ کون چلا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب عدالت میں یہ یقین دہانی کروائی گئی کہ ملاقات کے بعد سیاسی گفتگو نہیں ہوگی تو پھر بیانات اور الزام تراشی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے، قوانین اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ ملاقات کے بعد سیاسی بیان بازی کی جائے، اور جب رولز توڑے جائیں گے تو ملاقات کا جواز بھی ختم ہو جاتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ حکومت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری سے متعلق فیصلے پر مکمل عمل درآمد کرے گی، کیونکہ عدالتی فیصلوں کا احترام آئینی ذمہ داری ہے۔وزیر مملکت نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے متعلق بھی واضح موقف اپناتے ہوئے کہا کہ انہیں اشتہاری قرار دینے کی قانونی کارروائی آگے بڑھے گی، اور حکومت کی درخواست ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا عدالت سے فوری رجوع کریں۔بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ حکومت قانون، آئین اور ریاستی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، سیاسی ڈرامہ بازی، جھوٹے بیانیے اور قانون شکنی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز