Home » سیاسی کشیدگی میں مذاکرات کا دروازہ کھل گیا،حکومت اور پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد آج پی ٹی آئی سے ملے گا

سیاسی کشیدگی میں مذاکرات کا دروازہ کھل گیا،حکومت اور پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد آج پی ٹی آئی سے ملے گا

by ahmedportugal
8 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ایوان صدر میں اہم ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے ساتھ مذاکرات کیلئے وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی پر مشتمل مشترکہ وفد تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،جو آج پی ٹی آئی قیادت سے موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کرے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال کے ساتھ خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔صدر مملکت اور وزیراعظم نے ملکی سلامتی سے متعلق مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا اور دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات میں طے کیا گیا کہ وفاقی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا اور موجودہ سیاسی معاملات پر مذاکرات کرے گا۔ مشترکہ وفد میں وفاقی حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر امیر مقام شامل ہوں گے جبکہ پیپلز پارٹی کی نمائندگی سینیٹر شیری رحمان،سید نوید قمر اور اعجاز جکھرانی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی ٹی آئی کی جانب سے 4 اکتوبر کو لانگ مارچ کے اعلان کے تناظر میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی رابطوں میں تیزی آئی ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان پہلے ہی حکومتی وفد سے ملاقات کی دعوت قبول کرنے کی تصدیق کر چکے ہیں اور بتایا گیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے نمائندوں کے درمیان ملاقات قومی اسمبلی کے سپیکر کے دفتر میں ہو گی۔صدر اور وزیر اعظم کی ملاقات میں ملکی امن و استحکام کیلئے ریاستی اداروں کے درمیان موثر تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ شرکا نے اس امر پر اتفاق کیا کہ دہشت گردی کے خلاف قومی سطح پر عزم کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ اور تعاون موثر بنایا جائے تاکہ امن و سلامتی کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹا جاسکے۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی،وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ،وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ،اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان،وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ،سینیٹر شیری رحمان،سینیٹر سلیم مانڈوی والا،سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ شریک ہوئے۔ملاقات میں خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال کو خصوصی طور پر زیر بحث لایا گیا۔

ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت اور وزیراعظم نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے اور امن و استحکام کیلئے متعلقہ اداروں کے درمیان موثر تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے مشترکہ کمیٹی اور وفد کی تشکیل کو موجودہ سیاسی صورتحال میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان براہ راست رابطے کی ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم مذاکرات کے ایجنڈے، ممکنہ مطالبات اور آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے حتمی پیش رفت بات چیت کے دوران سامنے آئے گی۔حکومتی اور پیپلز پارٹی کے نمائندوں پر مشتمل وفد کی آج پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کے بعد مذاکرات کا دائرہ کار، فریقین کے موقف اور آئندہ سیاسی رابطوں کے بارے میں مزید صورتحال واضح ہونے کی توقع ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز