Home » وفاقی حکومت کا مذہبی جماعت کے احتجاج کو ہر صورت روکنے کا حکم،اسلام آباد قلعہ بند،جڑواں شہروں میں زندگی مفلوج

وفاقی حکومت کا مذہبی جماعت کے احتجاج کو ہر صورت روکنے کا حکم،اسلام آباد قلعہ بند،جڑواں شہروں میں زندگی مفلوج

by ahmedportugal
3 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے مذہبی جماعت کے ملک گیر احتجاج کو روکنے کے لیے سخت ترین حکمت عملی اپناتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی صورت مظاہرین کو اسلام آباد داخل نہیں ہونے دیا جائے گا،اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس کا حتمی سیکیورٹی پلان آرڈر جاری کر دیا گیا ہے،جس کے تحت وفاقی دارالحکومت کو مکمل طور پر قلعہ بند کر دیا گیا ہے جبکہ رینجرز،ایف سی اور پنجاب پولیس کے دستے بھی طلب کر لیے گئے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق مذہبی جماعت کے احتجاج کو ہر صورت وفاقی دارالحکومت میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے سیکیورٹی اداروں نے کمر کس لی ہے ،سیکیورٹی پلان کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت جڑواں شہروں میں ساڑھے پانچ ہزار سے زائد اہلکار و افسران کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ وفاقی پولیس کے ساڑھے تین ہزار سے زائد اہلکار دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں پر گشت کریں گے۔ رینجرز کے 500، ایف سی کے 1000اور پنجاب پولیس کے 600 اہلکار بھی وفاقی پولیس کی معاونت میں موجود ہوں گے۔ مجموعی آپریشن کی نگرانی پانچ ایس ایس پیز، چھ ایس پیز، اور درجنوں سینئر افسران کریں گے۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی قیمت پر مظاہرین کو اسلام آباد کی سرحد عبور کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ شہر کے داخلی راستوں پر کنٹینرز، خار دار تاریں، اور خندقیں کھود کر راستوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ اہم سرکاری تنصیبات، ریڈ زون، پارلیمنٹ ہاوس،وزیراعظم ہاوس اور حساس اداروں کے دفاتر کے اطراف میں نفری دگنی کر دی گئی ہے۔دوسری جانب جڑواں شہروں میں سخت بندشوں کے باعث نظامِ زندگی دوسرے روز بھی بری طرح مفلوج رہا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے سو سے زائد راستے بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔میٹرو بس سروس اور انٹرسٹی ٹرانسپورٹ سروس دوسرے روز بھی معطل ہیں جبکہ دفتری آمد و رفت اور کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔

ادھر پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ وزیرآباد کے تمام داخلی و خارجی راستے مکمل طور پر بند ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے چناب ٹول پلازہ کے قریب خندق کھود کر گجرات جانے والا راستہ سیل کر دیا ہے۔ گوجرانوالہ، سادھوکی اور کامونکی میں جی ٹی روڈ بند کردی گئی ہے، جبکہ متعدد مقامات پر رکاوٹیں اور خندقیں کھود کر نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے۔شیخوپورہ روڈ، سیالکوٹ روڈ اور عزیز کراس بائی پاس پر کنٹینر لگا کر آمد و رفت روک دی گئی ہے۔ وزیرآباد کے قریب بھی کئی جگہوں پر خندقیں کھود دی گئی ہیں تا کہ کسی بھی ممکنہ ریلی یا احتجاجی مارچ کو روکا جا سکے۔لاہور میں صورتِ حال کشیدہ ہے،جہاں پولیس اور کارکنوں کے درمیان مختلف مقامات پر تصادم کی اطلاعات ملی ہیں۔تصادم کے دوران پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔شہر میں حالات قابو سے باہر ہونے کے خدشے کے پیشِ نظر اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروس معطل کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت  نے تمام حساس شہروں کے کمشنرز،ڈی سیز اور آر پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی مقام پر احتجاج یا دھرنا نہیں ہونے دیا جائے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل اختیارات دے دیے گئے ہیں جبکہ وزارتِ داخلہ نے رینجرز اور ایف سی کے دستوں کو اسلام آباد کے حساس مقامات پر اسٹرائیک فورس کے طور پر تعینات کر دیا ہے۔ملک بھر میں پیدا ہونے والی اس غیر یقینی صورتِ حال  نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔روزمرہ معمولات زندگی مفلوج،سڑکیں سنسان،ٹرانسپورٹ معطل اور تجارتی مراکز بند ہیں۔دوسری جانب مذہبی جماعت کی قیادت کا کہنا ہے کہ ان کے کارکن پرامن طور پر احتجاج کرنا چاہتے ہیں مگر حکومت طاقت کے ذریعے ان کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔سیکیورٹی اداروں کے مطابق دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام فورسز الرٹ ہیں۔اسلام آباد اس وقت مکمل طور پر بند اور سخت نگرانی میں ہے اور فضا میں یہ سوال گونج رہا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں میں ملک کی سیاسی و سیکیورٹی سمت کس رخ اختیار کرے گی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز