اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)کراچی تا پشاور ایم ایل ون منصوبے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں حکومت نے ریلوے نظام کی اپ گریڈیشن کے اس بڑے منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ منصوبے کی سنگِ بنیاد جلد رکھنے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق ایم ایل ون کو ملک کے ٹرانسپورٹ اور مال برداری کے نظام میں انقلابی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ ایم ایل-1 منصوبہ پاکستان کے ریلوے نظام اور مال برداری کے شعبے میں ایک انقلابی تبدیلی لائے گا، جس سے ملک کے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی۔وہ کراچی تا روہڑی سیکشن ایم ایل-1 منصوبے سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین سمیت بینک کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ وزارتوں کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ سیکرٹری اقتصادی امور حمیر کریم اور سیکرٹری ریلوے مظہر علی شاہ نے وفاقی وزیر کو منصوبے کے عملدرآمد فریم ورک پر تفصیلی بریفنگ دی۔احد چیمہ نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف رواں سال ایم ایل-1 منصوبے کی سنگِ بنیاد رکھنے کے خواہاں ہیں،جس کے لیے وزارت ریلوے کو ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ دستاویزی عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت اور اے ڈی بی کے درمیان منصوبے کی دستاویزات جلد مکمل کرنے پر اتفاق ہو چکا ہے جبکہ آئندہ مالی سال میں اس منصوبے کے لیے فنانسنگ حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
وفاقی وزیر کے مطابق ایم ایل-1 پاکستان ریلوے کے بنیادی ڈھانچے میں ایک بڑی تبدیلی ثابت ہوگا، خصوصاً کراچی تا روہڑی سیکشن اس منصوبے کا پہلا مرحلہ ہے جس پر ترجیحی بنیادوں پر پیش رفت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ موجودہ دور میں کراچی سے پشاور تک ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن پر نمایاں پیش رفت کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں سے مسلسل رابطے میں رہا جا رہا ہے جبکہ شفافیت،تیز رفتار عملدرآمد اور تمام ضابطہ جاتی تقاضوں کی تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے اجلاس میں یقین دہانی کرائی کہ بینک منصوبے سے متعلق کنسلٹنسی اور دیگر تکنیکی مراحل کو مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کی کوشش کرے گا۔انہوں نے پاکستان کی وزارت اقتصادی امور اور ریلوے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے ایک اہم اور سٹریٹجک منصوبہ قرار دیا۔