اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)مہنگائی کے بڑھتے ہوئے طوفان کے درمیان حکومت نے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو فوری سہولت دینے کا دعویٰ کر دیا ہے،جہاں ایک جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ سامنے آیا ہے تو دوسری جانب ٹرانسپورٹ اور کسانوں کے لیے سبسڈی سمیت میٹرو بس سروس کو مفت کرنے جیسے اقدامات نے اس اعلان کو غیر معمولی اہمیت دے دی ہے۔وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کے مطابق حکومت نہ صرف بڑھتی ہوئی عالمی قیمتوں کے اثرات کو روکنے کیلئے اربوں روپے خرچ کر رہی ہے بلکہ کمزور اور متوسط طبقے کو براہ راست ریلیف دینے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں تاہم اس اعلان نے جہاں امید کی فضا پیدا کی ہے وہیں اس کے عملی اثرات اور پائیداری پر سوالات بھی شدت اختیار کر گئے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو مہنگائی کے دباو سے بچانے کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے ہیں اور گزشتہ تین ہفتوں کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ اسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی معیشت دباو کا شکار ہے تاہم پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھی گئی اور ملک بھر میں نہ تو قلت پیدا ہوئی اور نہ ہی طویل قطاروں کی صورتحال سامنے آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سپلائی چین کو مستحکم رکھنے کے لیے بروقت متبادل انتظامات کیے،جس کے نتیجے میں نہ صرف ترسیل کا نظام برقرار رہا بلکہ بڑھتی ہوئی عالمی قیمتوں کے اثرات کو بھی کسی حد تک محدود رکھا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے تقریباً 129 ارب روپے خرچ کیے گئے تاکہ عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ کمزور اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،جس کے تحت موٹر سائیکل استعمال کرنے والوں، کسانوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے شعبے کے لیے خصوصی سبسڈی متعارف کرائی گئی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کفایت شعاری اقدامات کے ذریعے بچائے گئے وسائل کو براہ راست عوامی ریلیف پر خرچ کیا جا رہا ہے جبکہ شہریوں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے میٹرو بس سروس کو مفت کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ان کے مطابق حکومت موجودہ معاشی چیلنجز کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور آئندہ بھی صورتحال کے مطابق مزید فیصلے کیے جائیں گے۔