لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی کو جی او آر گیٹ حملہ کیس میں فیصلہ سنا دیا ہے، عدالت نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )کی مرکزی قیادت ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری اور میاں محمود الرشید کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی جبکہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو اس مقدمے سے بری کر دیا گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق لاہور کی انسدادِ دہشت گردیعدالت نے دورانِ مقدمہ اشتہاری قرار دیے گئے چار ملزمان فاروق انجم، حبیب احمد، ارسلان اور اکبر خان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔ اس مقدمے میں کل 25 افراد نامزد تھے جبکہ پراسیکیوشن نے 56 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے تھے، جو مقدمے کی کارروائی میں اہم شواہد کے طور پر پیش کیے گئے۔یہ مقدمہ تھانہ ریس کورس میں درج کیا گیا تھا، جس میں الزام تھا کہ ملزمان نے کلب چوک جی او آر گیٹ پر ہونے والے واقعے کے دوران سیکیورٹی کیمرے توڑے، شیشے چکنا چور کیے، پولیس کی وائرلیس کو نقصان پہنچایا، سرکاری املاک کو تباہ کیا اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا۔ عدالت نے اس کے علاوہ قرار دیا کہ پی ٹی آئی رہنماوں نے کارکنان کو 9 مئی کے دن بغاوت اور فساد پر اکسانے میں کردار ادا کیا۔فیصلے کے دوران عدالت نے شواہد، گواہوں کے بیانات اور مقدمے کی تمام قانونی کارروائیوں کا بغور جائزہ لینے کے بعد سزا اور بریت کے احکام جاری کیے۔ یہ فیصلہ 9 مئی کے مظاہروں میں شامل سیاسی رہنماوں اور کارکنان کے لیے ایک سنگین قانونی پیغام ہے جبکہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے احکامات سے مزید کارروائی کے امکانات بھی پیدا ہو گئے ہیں۔
جی او آر گیٹ حملہ کیس،ڈاکٹر یاسمین راشد،عمر سرفراز چیمہ،اعجاز چودھری،میاں محمود الرشید اور دیگر کو 10 سال قید،شاہ محمود قریشی بری
93