گوگل نے صارفین کو صحت کے حوالے سے مزید بہتر معلومات فراہم کرنے کے لیے اپنی سرچ انجن میں آرٹی فیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پر مبنی نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں۔
اب گوگل سرچ میں نالج پینل کے ذریعے ہزاروں صحت کے موضوعات پر جوابات فراہم کیے جائیں گے، جن میں مختلف امراض جیسے فلو، نزلہ زکام سمیت دیگر موضوعات شامل ہوں گے۔ گوگل نے اے آئی اور رینکنگ سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے ان معلومات کو مزید درست اور قابل اعتماد بنانے کی کوشش کی ہے۔
گوگل نے نیا فیچر "واٹ پیپل سجیسٹ” بھی متعارف کرایا ہے، جو سب سے پہلے امریکہ میں صارفین کو دستیاب ہوگا۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین ایسے مواد تک رسائی حاصل کر سکیں گے جو دیگر انٹرنیٹ صارفین نے مختلف امراض یا صحت کے موضوعات پر شیئر کیا ہوگا۔ مثال کے طور پر، اگر کسی کو جوڑوں کی تکلیف پر کوئی ورزش معلوم کرنی ہو، تو یہ فیچر اے آئی کا استعمال کرتے ہوئے ویب پر موجود متعدد رپورٹس تک رسائی فراہم کرے گا۔
اس فیچر کا مقصد یہ ہے کہ لوگ صحت سے متعلق مشوروں کے لیے دیگر ویب سائٹس کی بجائے صرف گوگل سرچ تک محدود رہیں۔ گوگل کی چیف ہیلتھ آفیسر کیرن ڈی سالوو نے بتایا کہ زیادہ تر افراد گوگل سرچ پر قابل اعتماد طبی معلومات تلاش کرتے ہیں اور وہ دوسرے افراد کے تجربات کو بھی اہمیت دیتے ہیں۔ اے آئی کی مدد سے گوگل نے ان تجربات کو ایک جگہ منظم کر دیا ہے تاکہ صارفین کو بہتر معلومات مل سکیں۔