کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)ملک میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے،جس کے بعد مقامی صرافہ بازار میں قیمتیں دوبارہ بلند سطح کی جانب گامزن ہو گئی ہیں۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار 523 روپے کا اضافہ ہوا،جس سے نئی قیمت 4 لاکھ 69 ہزار 285 روپے تک پہنچ گئی جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت بھی ایک ہزار 305 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 2 ہزار 335 روپے ہو گئی۔عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا،جہاں فی اونس سونا 14 ڈالر مہنگا ہو کر 4 ہزار 468 ڈالر تک جا پہنچا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں ہونے والی معمولی تبدیلیاں بھی مقامی مارکیٹ پر فوری اثر ڈالتی ہیں،جس کے باعث پاکستان میں سونے کے نرخ غیر معمولی اتار چڑھاو کا شکار رہتے ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ ایک روز قبل ہی سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی دیکھی گئی تھی،جب فی تولہ سونا 8 ہزار 600 روپے تک سستا ہوا تاہم تازہ اضافے نے اس کمی کو بڑی حد تک زائل کر دیا ہے۔اس تیزی سے بدلتی صورتحال نے خریداروں اور سرمایہ کاروں کو غیر یقینی کیفیت سے دوچار کر دیا ہے۔ماہرین معاشیات کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اس طرح کی غیر متوقع تبدیلیاں نہ صرف سرمایہ کاری کے رجحانات کو متاثر کرتی ہیں بلکہ عام صارفین کے لیے بھی خریداری کے فیصلے کو مشکل بنا دیتی ہیں۔موجودہ رجحان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ عالمی معاشی غیر یقینی،کرنسی ویلیو اور طلب و رسد کے عوامل آئندہ دنوں میں بھی سونے کی قیمتوں کو متاثر کرتے رہیں گے۔