اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی تیزی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں مسلسل تیسرے روز بڑے اضافے کے بعد فی تولہ سونا نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔حالیہ اضافے نے نہ صرف صرافہ بازار میں ہلچل مچا دی ہے بلکہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث خریداروں میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ ماہرین اس رجحان کو عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاو اور محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتے رجحان سے جوڑ رہے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان سمیت عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے،جس کے بعد قیمتی دھات نئی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہے۔آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 100 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 54 ہزار 336 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 4 ہزار 372 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 89 ہزار 519 روپے ہو گئی ہے۔صرف تین روز کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 26 ہزار 400 روپے کا غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے،جس نے مارکیٹ میں ہلچل مچا دی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان برقرار ہے،جہاں فی اونس قیمت 51 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 319 ڈالر تک جا پہنچی ہے۔ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، کرنسی میں اتار چڑھاو اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتا رجحان سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔صرافہ بازار سے وابستہ تاجروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث زیورات کی خرید و فروخت میں واضح کمی دیکھنے میں آ رہی ہے جبکہ عام شہری بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث شدید تشویش کا شکار ہیں اور زیادہ تر خریدار صرف ناگزیر ضرورت کے تحت ہی سونا خرید رہے ہیں۔اسی دوران چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے،جہاں فی تولہ چاندی 280 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 939 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں سونے کی قیمت مزید بڑھنے کا امکان ہے،جس کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی واضح طور پر مرتب ہوں گے۔