کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان میں قیمتی دھاتوں کی مارکیٹ نے ایک بار پھر تاریخ رقم کر دی ہے،جہاں پیر کے روز کاروباری ہفتے کے آغاز پر سونے کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔عالمی اور مقامی دونوں سطحوں پر قیمتی دھات کی قیمتوں میں تیزی نے نہ صرف صرافہ مارکیٹوں کو متاثر کیا بلکہ سرمایہ کاروں کی توجہ بھی ایک بار پھر سونے کی طرف مبذول کرا دی ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 400 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 15 ہزار 278 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے،جو 4 ہزار 629 روپے بڑھنے کے بعد 3 لاکھ 56 ہزار 33 روپے تک جا پہنچی۔عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اتار چڑھاو دیکھنے میں آیا،جہاں فی اونس سونے کا بھاو 54 ڈالر اضافے کے ساتھ 3 ہزار 940 ڈالر کی سطح پر جا پہنچا۔ماہرین کے مطابق ڈالر کی قدر اور عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال اس غیر معمولی اضافے کی بنیادی وجوہات ہیں۔صرف سونا ہی نہیں بلکہ چاندی کی قیمتوں میں بھی ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ملکی تاریخ میں پہلی بار فی تولہ چاندی کی قیمت 4 ہزار 949 روپے تک پہنچ گئی،جس نے قیمتی دھاتوں کے خریداروں اور سرمایہ کاروں کو حیران کر دیا ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی غیر یقینی حالات،مہنگائی میں اضافے اور کرنسی کی قدر میں اتار چڑھاو نے قیمتی دھاتوں کو سرمایہ کاری کے لیے محفوظ پناہ گاہ بنا دیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ سونا اور چاندی دونوں ہی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے ہیں۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق قیمتی دھاتوں کی بڑھتی ہوئی مانگ آئندہ دنوں میں قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دے رہی ہے،جس کے اثرات نہ صرف سرمایہ کاروں بلکہ عام عوام پر بھی براہِ راست مرتب ہوں گے۔
پاکستان میں سونے کی قیمت نے تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا،فی تولہ 5 ہزار 400 روپے مزید مہنگا
10