کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان اور عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں ایک دن کے وقفے کے بعد دوبارہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے،جس کے بعد ملک بھر میں فی تولہ اور دس گرام سونے کی نئی قیمتیں جاری کر دی گئی ہیں۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی صرافہ بازاروں میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے کی کمی ہوئی،جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 27 ہزار 936 روپے کا ہوگیا ہے۔ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 428 روپے کمی ریکارڈ کی گئی،جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 66 ہزار 886 روپے مقرر ہوئی ہے۔دوسری جانب چاندی کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ہے، فی تولہ چاندی 60 روپے مہنگی ہونے کے بعد 6 ہزار 351 روپے کی ہوگئی ہے۔عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی،جہاں فی اونس سونا 5 ڈالر سستا ہو کر 4055 ڈالر پر آگیا۔
صرافہ ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیاں پاکستان کی مقامی منڈی پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہیں۔ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاو،عالمی معاشی صورتحال،شرح سود سے متعلق توقعات اور سرمایہ کاروں کے رجحانات سونے کی قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے عالمی سطح پر جاری معاشی غیر یقینی صورتحال اور بین الاقوامی حالات کے باعث سونے کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاو دیکھا جا رہا ہے۔صرافہ ڈیلرز کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ مزید کم ہوئے تو مقامی بازاروں میں بھی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے تاہم عالمی سطح پر کسی بھی نئی معاشی یا سیاسی کشیدگی کی صورت میں قیمتوں میں دوبارہ اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔شہریوں نے سونے کی قیمت میں حالیہ کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ قیمتوں میں مزید کمی آئے گی تاکہ شادی بیاہ اور دیگر ضروریات کے لیے خریداری آسان ہو سکے تاہم ان کا کہنا ہے کہ موجودہ قیمتیں اب بھی عام خریدار کی پہنچ سے کافی دور ہیں۔