کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)ملک میں سونے کی قیمتوں نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے نئی بلند ترین سطح قائم کر لی ہے،جہاں عالمی اور مقامی منڈیوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث قیمتی دھات کی قیمتوں میں زبردست چھلانگ دیکھی گئی ہے۔
صرافہ بازار ذرائع کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہی روز میں 7 ہزار 700 روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس کے بعد فی تولہ سونا پہلی بار 4 لاکھ 80 ہزار 962 روپے کی تاریخی سطح پر پہنچ گیا۔اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 6 ہزار 602 روپے کا اضافہ ہوا،جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 12 ہزار 347 روپے مقرر کی گئی،جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔صرافہ بازار ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں یہ اضافہ عالمی رجحانات کے عین مطابق ہے۔عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمت میں نمایاں تیزی دیکھی گئی،جہاں بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا 77 ڈالر اضافے کے بعد پہلی بار 4 ہزار 586 ڈالر کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، افراطِ زر اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان سونے کی قیمتوں میں اس اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔
ادھر چاندی کی قیمتوں میں بھی تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا،جہاں 24 قیراط فی تولہ چاندی 430 روپے بڑھ کر پہلی مرتبہ 8 ہزار 895 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ سونے اور چاندی دونوں کی قیمتوں کا بیک وقت ریکارڈ سطح پر پہنچنا ایک غیر معمولی پیش رفت ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی گولڈ مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی تھی،جب فی تولہ سونا 3 ہزار 700 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 73 ہزار 262 روپے پر پہنچا تھا تاہم آج کے اضافے نے تمام سابقہ حدیں عبور کر دی ہیں۔سونے کی قیمتوں میں اس مسلسل اور تیز رفتار اضافے کے باعث زیورات کے خریداروں اور عام صارفین میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ سرمایہ کار اسے محفوظ سرمایہ کاری کا اہم موقع قرار دے رہے ہیں۔