Home » اپٹما انتخابات میں گوہر اعجاز گروپ کا کلین سویپ،مخالفین کو 0-24 سے شکست،اسد شفیع چیئرمین منتخب

اپٹما انتخابات میں گوہر اعجاز گروپ کا کلین سویپ،مخالفین کو 0-24 سے شکست،اسد شفیع چیئرمین منتخب

by ahmedportugal
11 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے سالانہ انتخابات میں ڈاکٹر گوہر اعجاز گروپ نے ایک مرتبہ پھر فیصلہ کن کامیابی حاصل کرتے ہوئے تنظیم کے انتخابات میں اپنی برتری برقرار رکھی ہے۔انتخابی نتائج کے مطابق گروپ نے تمام 24 نشستوں پر کامیابی حاصل کی،جس کے بعد اسے تنظیم کی تاریخ میں ایک اور بڑی فتح قرار دیا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اپٹما) کے سالانہ انتخابات میں اسد شفیع اپٹما کے مرکزی چیئرمین جبکہ صدیق جاوید بھٹی اپٹما نارتھ کے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔گوہر اعجاز گروپ کے مطابق اس کامیابی کے نتیجے میں اس کے حمایت یافتہ تمام 24 امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ مخالف گروپ کوئی نشست حاصل نہ کرسکا۔انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپٹما کے پیٹرن اِن چیف ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے گروپ کی مسلسل 17ویں کامیابی قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان سے 24 ممبران کا بلا مقابلہ منتخب ہونا گروپ پر ٹیکسٹائل صنعت سے وابستہ افراد کے اعتماد کا اظہار ہے۔ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستانی صنعت کار ملکی معیشت میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں تاہم ان کے مطابق صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مستقل اور واضح صنعتی پالیسی کی ضرورت ہے،کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کیے بغیر برآمدات اور معاشی سرگرمیوں میں مطلوبہ اضافہ ممکن نہیں۔

سابق نگراں وفاقی وزیر نے صنعتی شعبے سے متعلق سرکاری پالیسیوں پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ ٹیکسٹائل ملز چلانے والے صنعت کاروں کے مسائل کو زمینی حقائق کی روشنی میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے سرکاری افسران کو مخاطب کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر کسی کو یہ سمجھ ہے کہ ٹیکسٹائل صنعت چلانا آسان ہے تو وہ خود ایک مل چلا کر دیکھ لے۔ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر پاکستان کی برآمدی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ملک کی مجموعی برآمدات میں اس شعبے کا حصہ 60 فیصد سے زائد ہے،ٹیکسٹائل صنعت نے پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے اور ملک کا نام روشن کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے معاشی مسائل کا حل صنعتی اور برآمدی سرگرمیوں میں اضافے سے ممکن ہے،ملک کو قرضوں اور مالی دباو سے نکالنے کے لیے برآمدات بڑھانا ہوں گی اور اس مقصد کے لیے صنعت کاروں کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز نے چینی کی برآمد کے معاملے پر بھی حکومت سے پالیسی پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ضروریات اور قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے چینی کی برآمد کے فیصلوں پر احتیاط سے غور کیا جانا چاہیے۔اپٹما کے پیٹرن اِن چیف نے تعلیم کے شعبے میں بھی نجی صنعت کے کردار کو بڑھانے کا اعلان کیا۔انہوں نے بتایا کہ اپٹما ایجوکیشن فاونڈیشن کے قیام کی جانب پیش رفت کی جا رہی ہے،جس کا مقصد تعلیمی نظام کی بہتری اور بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں معاونت کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بہت سے والدین اپنے بچوں کے مستقبل اور روزگار کے مسائل کے باعث تعلیم کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے تجویز دی کہ ملک کی ہر فیکٹری کسی نہ کسی سرکاری سکول کو گود لے اور اس کی تعلیمی و بنیادی ضروریات پوری کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ٹیکنیکل ایجوکیشن کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ اپٹما ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے تکنیکی تعلیم اور تربیتی پروگراموں کی حمایت کرے گی،کیونکہ صنعت کو مستقبل میں تربیت یافتہ اور باصلاحیت افرادی قوت کی ضرورت مزید بڑھے گی۔اپٹما انتخابات میں گوہر اعجاز گروپ کی کامیابی کو ٹیکسٹائل صنعت میں اس گروپ کے مسلسل اثر و رسوخ کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے جبکہ نومنتخب عہدیداران کے سامنے اب توانائی کی قیمتوں،صنعتی پالیسی،برآمدات میں اضافے،پیداواری لاگت اور ٹیکسٹائل سیکٹر کی مسابقتی حیثیت بہتر بنانے جیسے اہم چیلنجز موجود ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز