Home » عالمی کشیدگی میں اضافہ،ایران نے چین اور روس کے ساتھ مشترکہ بحری مشقیں کرنے کا اعلان کر دیا

عالمی کشیدگی میں اضافہ،ایران نے چین اور روس کے ساتھ مشترکہ بحری مشقیں کرنے کا اعلان کر دیا

by ahmedportugal
10 views
A+A-
Reset

تہران(ایگزو نیوز ڈیسک)عالمی سیاست میں بڑھتی کشیدگی کے پس منظر میں ایران نے ایک اہم اسٹریٹجک قدم اٹھاتے ہوئے فروری کے اختتام پر چین اور روس کے ساتھ شمالی بحرِ ہند میں مشترکہ بحری مشقیں کرنے کا اعلان کر دیا ہے،یہ بحری مشقیں ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان تناو شدید ہو چکا ہے اور امریکی بحری بیڑا پہلے ہی خطے میں موجود ہے، جس سے صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے۔
ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ان مشترکہ بحری مشقوں کو ”میری ٹائم سیکیورٹی بیلٹ“ کا نام دیا گیا ہے، جن کا آغاز 2019 میں ایرانی بحریہ کی درخواست پر کیا گیا تھا۔ اب تک یہ مشقیں سات مرتبہ منعقد کی جا چکی ہیں اور اس بار تینوں ممالک نے شمالی بحرِ ہند کے علاقے کا انتخاب کیا ہے، جہاں ایران، چین اور روس کے بحری بیڑے مشترکہ طور پر حصہ لیں گے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ان بحری مشقوں کا بنیادی مقصد عالمی بحری تجارت کی سلامتی کو مضبوط بنانا اور خطے میں سمندری تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ ان مشقوں کے دوران قزاقی کے خلاف کارروائیوں، بحری دہشت گردی سے نمٹنے، ہنگامی ریسکیو آپریشنز اور مشترکہ سیکیورٹی تعاون پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ تینوں ممالک کی بحری افواج ماضی میں بھی ان شعبوں میں باہمی تعاون کر چکی ہیں۔یہ بحری سرگرمیاں ایک ایسے نازک مرحلے پر ہو رہی ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے قریب امریکی بحری بیڑے کی تعیناتی کے احکامات دے رکھے ہیں۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر نہ کی گئی تو امریکا کی جانب سے ممکنہ فوجی کارروائی پہلے سے بھی زیادہ شدید ہو سکتی ہے۔دوسری جانب ایران نے امریکا کی مسلسل دھمکیوں اور دباو کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مذاکرات صرف اسی صورت ممکن ہیں جب وہ منصفانہ، باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر ہوں۔ ایرانی حکام نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا ہے کہ اگر امریکا یا اس کے اتحادیوں کی جانب سے ایران پر کسی قسم کا حملہ کیا گیا تو اس کا فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔بین الاقوامی تجزیہ کاروں کے مطابق ایران، چین اور روس کی مشترکہ بحری مشقیں نہ صرف خطے میں طاقت کے توازن کی عکاسی کرتی ہیں بلکہ امریکا کو ایک واضح سفارتی اور عسکری پیغام بھی دیتی ہیں، جس کے اثرات آنے والے دنوں میں عالمی سیاست پر نمایاں ہو سکتے ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز