Home » پاکستان کی سفارتکاری کا عالمی اعتراف،ایران پاکستانی کردار کا معترف،شہباز شریف شکریہ ادا کرتے ہوئے فریقین کی میزبانی کے لئے تیار

پاکستان کی سفارتکاری کا عالمی اعتراف،ایران پاکستانی کردار کا معترف،شہباز شریف شکریہ ادا کرتے ہوئے فریقین کی میزبانی کے لئے تیار

by ahmedportugal
1 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کی موثر اور متحرک سفارتکاری کو عالمی سطح پر بڑی پذیرائی مل رہی ہے جہاں ایران نے کھل کر پاکستان کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی کوششوں کو سراہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس پیش رفت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے نہ صرف جنگ بندی کو مثبت قدم قرار دیا بلکہ فریقین کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کیلئے اسلام آباد کو پیش کر دیا ہے،جس سے یہ تاثر مزید مضبوط ہو گیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے ایک کلیدی اور فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کے حصول میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان نے اس پیش رفت کو آگے بڑھاتے ہوئے امریکا اور ایران کے وفود کو باضابطہ مذاکرات کیلئے 10 اپریل کو اسلام آباد آنے کی دعوت دے دی ہے۔عباس عراقچی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے مسلسل،متوازن اور موثر سفارتکاری کے ذریعے خطے میں جنگ کے خطرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا،جس کے مثبت نتائج اب سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایران کے خلاف حملے روک دیے جائیں تو ایرانی افواج بھی اپنی کارروائیاں معطل کرنے کیلئے تیار ہیں،جو کشیدگی میں کمی کی جانب ایک اہم اشارہ ہے۔ایرانی وزیرِ خارجہ کے مطابق آبنائے ہرمز سے محفوظ آمدورفت کو دو ہفتوں کیلئے ممکن بنانے پر بھی آمادگی ظاہر کی گئی ہے تاہم اس عمل کو ایران کی مسلح افواج کے ساتھ مکمل رابطے اور تکنیکی پہلووں کو مدنظر رکھتے ہوئے یقینی بنایا جائے گا۔

دوسری جانب ایران نے مذاکرات کیلئے ایک جامع 10 نکاتی تجویز بھی پیش کی ہے،جس میں یورینیم افزودگی کے حق کو تسلیم کرنے،ایران پر عائد تمام پابندیاں ختم کرنے اور مستقبل میں کسی بھی ممکنہ حملے کے خلاف ٹھوس ضمانتیں فراہم کرنے جیسے اہم مطالبات شامل ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ ایران اور امریکا نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مختلف علاقوں میں فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے،جو خطے میں امن کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔انہوں نے دونوں ممالک کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت دانشمندی اور سنجیدگی کا مظہر ہے۔وزیراعظم نے مزید اعلان کیا کہ تمام فریقین کو 10 اپریل کو اسلام آباد میں مذاکرات کیلئے مدعو کیا گیا ہے،جہاں ایک حتمی اور دیرپا معاہدے کیلئے بات چیت کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پرامید ہے کہ یہ مذاکرات خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی حالیہ سفارتی کوششوں نے نہ صرف ایک ممکنہ بڑے تصادم کو ٹالنے میں مدد دی بلکہ اسے عالمی سطح پر ایک موثر ثالث کے طور پر بھی اجاگر کیا ہے، جبکہ اسلام آباد میں متوقع مذاکرات خطے کے مستقبل کیلئے فیصلہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز