اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے رابطہ کر کے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں جاری امریکا ایران مذاکرات کو خطے میں امن کے لیے ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر زور دیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ایکس“پر جاری اپنے بیان میں فرانسیسی صدر نے بتایا کہ ایرانی ہم منصب کے ساتھ ان کی تفصیلی گفتگو ہوئی، جس میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال،کشیدگی میں کمی اور ممکنہ سفارتی حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایمانوئل میکرون نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد مذاکرات ایک نادر موقع ہیں،جن کے ذریعے نہ صرف امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کو کم کیا جا سکتا ہے بلکہ خطے میں دیرپا امن کے قیام کی راہ بھی ہموار کی جا سکتی ہے۔انہوں نے ایک جامع اور مضبوط معاہدے کی ضرورت پر بھی زور دیا جس میں تمام متعلقہ فریقین کو شامل کیا جائے۔فرانسیسی صدر نے خاص طور پر آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی اور سیکیورٹی کی فوری بحالی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اہم عالمی تجارتی گزرگاہ میں استحکام عالمی معیشت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے اس حوالے سے فرانس کی جانب سے کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کی۔مزید برآں، انہوں نے لبنان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے جنگ بندی کے مکمل احترام کی اہمیت پر زور دیا اور لبنانی حکومت کی مکمل حمایت کا اعلان کیا،یہ کہتے ہوئے کہ ریاستی خودمختاری کا حق صرف لبنانی اداروں کے پاس ہونا چاہیے۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی اپنے بیان میں واضح کیا کہ اسلام آباد میں موجود ایرانی وفد قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل عزم کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہے اور کسی بھی نتیجے کی صورت میں حکومت اپنے عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کی میزبانی میں امریکا اور ایران کے درمیان ایک دہائی بعد پہلی بار براہِ راست مذاکرات جاری ہیں،جنہیں ایرانی انقلاب 1979 کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم ترین سفارتی موڑ قرار دیا جا رہا ہے اور عالمی برادری کی نظریں ان کے ممکنہ نتائج پر مرکوز ہیں۔