اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)چار روز تک جاری رہنے والی فنی خرابی کے باعث معطل رہنے والی پاسپورٹ سروس بالآخر دنیا بھر میں بحال کر دی گئی ہے، جس سے اوورسیز پاکستانیوں کو بڑا ریلیف ملا ہے۔ حکام کے مطابق تکنیکی مسئلہ حل ہونے کے بعد بیرون ملک تمام سفارتی مشنز میں پاسپورٹ کے اجرا کا عمل دوبارہ معمول پر آ گیا ہے۔
ایگزونیوز کے مطابق ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے اعلان کیا ہے کہ فنی خرابی کے باعث معطل ہونے والی پاکستانی پاسپورٹ اجرا کی سروس دنیا بھر میں مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق چار روز کے تعطل کے بعد پاسپورٹ ہیڈکوارٹر نے تکنیکی مسئلے کو حل کر لیا ہے، جس کے بعد بیرون ملک تمام سفارتی مشنز میں معمول کی کارروائیاں دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔محمد علی رندھاوا کے مطابق فنی خرابی کے باعث سعودی عرب، یورپ اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک میں پاسپورٹ کے اجرا کا عمل متاثر ہوا تھا، جس سے اوورسیز پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم اب نظام کی بحالی کے بعد تمام متعلقہ دفاتر میں سروسز بحال کر دی گئی ہیں۔متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے اور قونصل خانوں، خصوصاً ابوظہبی اور دبئی میں پاسپورٹ سروس دوبارہ فعال ہو چکی ہے، جبکہ سعودی عرب اور دیگر ممالک میں بھی سفارتی مشنز نے شہریوں کو سروس کی بحالی سے آگاہ کر دیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ تکنیکی مسئلہ حل ہونے کے بعد پاسپورٹ کے اجرا کا عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا، جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فوری ریلیف ملے گا اور ان کے زیر التوا معاملات تیزی سے نمٹائے جا سکیں گے۔
اوورسیز پاکستانیوں کیلئے چار روزہ تعطل کے بعد بڑی خوشخبری،دنیا بھر میں پاسپورٹ سروس بحال
3