کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے آن لائن انویسٹمنٹ کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والے عالمی سطح پر منظم سائبر فراڈ گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 15 غیرملکی اور 19 پاکستانی شہریوں سمیت مجموعی طور پر 34 ملزمان کو گرفتار کر لیا، کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں ڈیجیٹل اور تکنیکی آلات بھی برآمد کیے گئے۔
ایگزو نیوز کے مطابق یہ تفصیلات وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتائیں۔ اس موقع پر این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر طارق نواز بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔وزیر داخلہ سندھ نے بتایا کہ ملزمان سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے شہریوں کو کرپٹو کرنسی اور فاریکس ٹریڈنگ میں سرمایہ کاری کا جھانسہ دیتے تھے۔انہوں نے کہا کہ فراڈ گروہ شہریوں کو بڑے منافع کا لالچ دے کر جعلی لاگ اِن اور فرضی انویسٹمنٹ پورٹلز دکھاتا تھا، جبکہ جعلی اکاونٹس کے ذریعے منافع ظاہر کر کے متاثرین کا اعتماد حاصل کیا جاتا تھا۔ضیا الحسن لنجار کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 6 غیرقانونی گیٹ وے ایکسچینج، غیرقانونی گیٹ ویز، 10 ہزار سے زائد موبائل سمز، ہزاروں انٹرنیشنل سمز، 37 کمپیوٹرز اور 40 موبائل فونز برآمد کیے گئے، جو آن لائن فراڈ کے نیٹ ورک کو چلانے کے لیے استعمال ہو رہے تھے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے طارق نواز نے بتایا کہ گرفتاریاں ڈی ایچ اے فیز ون اور ڈی ایچ اے فیز سکس سے عمل میں آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی ٹیم تکنیکی بنیادوں پر مزید شواہد اکٹھے کر رہی ہے اور جعلی اکاونٹس کی نگرانی کے ذریعے ملزمان تک رسائی حاصل کی گئی۔طارق نواز کے مطابق این سی سی آئی اے کو فنکشنل بنیادوں پر مزید اسپیشلائزڈ کیا جا رہا ہے تاکہ سائبر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف موثر کارروائیاں جاری رکھی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ایپس کے ذریعے شہریوں کو دھوکہ دینے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔وزیر داخلہ سندھ نے این سی سی آئی اے کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو آن لائن فراڈ سے محفوظ بنانے کے لیے ایسے کریک ڈاونز مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سائبر جرائم میں ملوث کسی بھی فرد یا گروہ کو قانون کے شکنجے سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔
کراچی میں عالمی آن لائن فراڈ نیٹ ورک بے نقاب،15 غیرملکیوں سمیت 34 گرفتار،ہزاروں سمز اور درجنوں کمپیوٹرز برآمد
20