Home » غزہ کے نام پر عالمی اتحاد،بورڈ آف پیس پر پاکستان سمیت 20 ممالک کے دستخط،ٹرمپ اور شہباز شریف کی سرگوشیاں،امریکی صدر کی ایک بار پھر حماس کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی دھمکی

غزہ کے نام پر عالمی اتحاد،بورڈ آف پیس پر پاکستان سمیت 20 ممالک کے دستخط،ٹرمپ اور شہباز شریف کی سرگوشیاں،امریکی صدر کی ایک بار پھر حماس کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی دھمکی

by ahmedportugal
3 views
A+A-
Reset

ڈیوس(ایگزو نیوز ڈیسک)سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں غزہ کے نام پر عالمی سیاست ایک نئے موڑ میں داخل ہو گئی، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ ’بورڈ آف پیس‘ پر پاکستان سمیت 20 ممالک کے رہنماوں نے دستخط کر دیے۔عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ہونے والی اس ہائی پروفائل تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کے درمیان ہونے والی سرگوشیاں سفارتی حلقوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں جبکہ امریکی صدر نے ایک بار پھر حماس کو غیر مسلح نہ ہونے کی صورت میں صفحہ ہستی سے مٹانے کا سخت اور دوٹوک عندیہ دے کر عالمی بحث کو نئی شدت دے دی۔غزہ میں امن کے دعوے،جنگ کے انتباہات اور عالمی اتحاد کے اس غیر معمولی امتزاج نے ڈیووس کو عالمی طاقتوں کے نئے بیانیے کا مرکز بنا دیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں جاری ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر غزہ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ عالمی فورم ’بورڈ آف پیس‘ کے چارٹر پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی،جس میں پاکستان سمیت دنیا کے 20 سے زائد ممالک کے رہنماوں نے شرکت کی۔تقریب میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کی،جنہوں نے غزہ بورڈ آف پیس کے چارٹر پر دستخط کیے۔اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف سے دستخط کرنے پر اظہارِ تشکر کیا جبکہ دونوں رہنماوں کے درمیان مختصر مگر خصوصی گفتگو بھی ہوئی جو تقریب کا خاص لمحہ بن گئی،اس دوران دونوں رہنماوں نے امن کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور غزہ کے مستقبل سے متعلق مختصر تبادلہ خیال کیا۔

دستخطی تقریب میں سعودی عرب،ترکیہ،قطر،متحدہ عرب امارات،بحرین،مراکش،ارجنٹائن،آرمینیا،آذربائیجان،بلغاریہ،ہنگری،انڈونیشیا،قازقستان،اردن،کوسوو،منگولیا، پیراگوئے اور ازبکستان سمیت متعدد ممالک کے رہنماوں نے بھی بورڈ آف پیس کے چارٹر پر دستخط کیے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دستخط کرنے والے تمام عالمی رہنماوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور ان سے مختصر گفتگو بھی کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ غزہ بورڈ آف پیس کا بنیادی مقصد غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کو پائیدار بنانا،انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانا اور خطے میں طویل المدتی امن قائم کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس فورم میں دنیا کے اہم اور با اثر رہنما شامل ہیں جبکہ مزید کئی ممالک بھی اس میں شمولیت کے خواہاں ہیں۔صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ غزہ میں جاری جنگ اپنے اختتام کے قریب ہے اور حماس نے غیر مسلح ہونے کا وعدہ کیا ہے تاہم اگر حماس نے ہتھیار نہ ڈالے تو سخت کارروائی کی جائے گی اور اسے صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حماس کے کئی افراد نے بچپن سے ہی اسلحہ اٹھایا لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ امن کا راستہ اپنایا جائے۔

اپنی خارجہ پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے اقتدار میں واپسی کے بعد صرف 10 ماہ کے دوران 8 بڑی جنگیں رکوائیں،جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بھی شامل تھی،دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں اور اس تنازع کے رکنے سے لاکھوں جانیں بچائی گئیں۔صدر ٹرمپ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس موقع پر کہا کہ اس اقدام سے کروڑوں انسانوں کی زندگیاں محفوظ ہوئیں۔صدر ٹرمپ نے اقوام متحدہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس ادارے میں قابل افراد موجود ہیں تاہم عالمی تنازعات کے حل میں اس کا کردار محدود رہا۔انہوں نے کہا کہ یوکرین اور روس کی جنگ توقع سے کہیں زیادہ پیچیدہ ثابت ہوئی تاہم وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے رابطے میں ہیں۔

مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکا نے ایران کی جوہری صلاحیت کا خاتمہ کیا،شام پر عائد تمام پابندیاں ختم کیں اور داعش کے خلاف کارروائیوں سے خطے میں سکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران اب مذاکرات کا خواہاں ہے اور امریکا بات چیت کے لیے تیار ہے۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ بورڈ آف پیس کا مقصد ایک ایسا عالمی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں بین الاقوامی تنازعات کو مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جا سکے۔ان کے مطابق اس وقت 59 ممالک مشرقِ وسطیٰ میں امن کی کوششوں میں شامل ہیں اور مستقبل میں مزید ممالک کی شمولیت متوقع ہے۔آخر میں امریکی صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ غزہ کو غیر مسلح کر کے اس کی تعمیرِ نو کی جائے گی اور خطے کو ایک پرامن اور ترقی یافتہ مقام میں تبدیل کیا جائے گا،امریکا کی ترقی دنیا کی ترقی سے جڑی ہے اور عالمی امن کے لیے امریکا اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز