Home » گلگت بلتستان میں انتخابی معرکہ سجنے کو تیار،سکیورٹی ہائی الرٹ،انتظامات مکمل

گلگت بلتستان میں انتخابی معرکہ سجنے کو تیار،سکیورٹی ہائی الرٹ،انتظامات مکمل

by ahmedportugal
6 views
A+A-
Reset

گلگت(ایگزو نیوز ڈیسک)گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 حلقوں میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں جبکہ مختلف اضلاع میں انتخابی سامان اور پولنگ عملے کی ترسیل کا عمل تیزی سے جاری ہے۔حکام کے مطابق کل ہونے والی پولنگ کے لیے انتظامی،سکیورٹی اور لاجسٹک اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ انتخابی عمل شفاف، منظم اور پرامن انداز میں یقینی بنایا جا سکے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ضلع دیامر کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کیپٹن(ر)محمد اویس عباسی نے بتایا کہ ضلع میں انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔ ان کے مطابق ضلع کے چار حلقوں میں مجموعی طور پر 173 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں،جن میں 68 مردوں،67 خواتین جبکہ 38 مشترکہ پولنگ سٹیشنز شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع دیامر میں ایک لاکھ 58 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔انتخابی عمل کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ڈیوٹی مجسٹریٹس،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور گلگت بلتستان سکاوٹس کو تعینات کیا جا رہا ہے جبکہ حساس پولنگ سٹیشنز پر خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران انتخابی عملے اور سامان کی ترسیل مکمل کر لی جائے گی جبکہ پوسٹل بیلٹس جمع کرانے کی آخری مہلت رات 12 بجے مقرر کی گئی ہے،جس کے بعد موصول ہونے والے ووٹ قابل قبول نہیں ہوں گے۔حکام کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا جبکہ ووٹ ڈالنے کے لیے قومی شناختی کارڈ کا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔کیپٹن (ر) محمد اویس عباسی نے واضح کیا کہ جعلی بیلٹ پیپرز سے متعلق اب تک کوئی شکایت سامنے نہیں آئی تاہم کسی بھی شکایت یا اعتراض کی صورت میں شہریوں کو ثبوت کے ساتھ متعلقہ حکام سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ خواتین کے ووٹ کے حق میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر کسی علاقے میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا تو ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔انتظامیہ کے مطابق ضلع بھر میں پولنگ سٹیشنز کو حساسیت کے لحاظ سے مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ سکیورٹی اور نگرانی کے اقدامات کو موثر بنایا جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ انتخابی عمل کو شفاف بنانے اور ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز