Home » جی ایچ کیو حملہ کیس میں بڑا عدالتی ایکشن، 47 اشتہاری ملزمان کو 10 سال قید، جائیداد ضبط کرنے کا حکم

جی ایچ کیو حملہ کیس میں بڑا عدالتی ایکشن، 47 اشتہاری ملزمان کو 10 سال قید، جائیداد ضبط کرنے کا حکم

by ahmedportugal
17 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس میں 47 اشتہاری ملزمان کے خلاف علیحدہ ٹرائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنا دیا۔عدالت نے تمام 47 ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سناتے ہوئے ان کی جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے مقدمے کا فیصلہ جاری کیا۔عدالتی کارروائی کے دوران استغاثہ کی جانب سے ملزمان کے خلاف شواہد پیش کیے گئے اور گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے۔پراسیکیوشن کے مطابق علیحدہ ٹرائل میں 19 گواہان کے بیانات ریکارڈ ہوئے جبکہ مجموعی مقدمے میں استغاثہ کے 44 گواہان کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں۔عدالت کے فیصلے کے مطابق سزا پانے والے تمام 47 ملزمان کو ایک ہی نوعیت کی سزا دیتے ہوئے 10،10 سال قید کا حکم دیا گیا ہے۔عدالت نے ملزمان کی جائیداد ضبط کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

مقدمے کے ریکارڈ کے مطابق مذکورہ ملزمان پر 9 مئی 2023 کو پیش آنے والے واقعات کی منصوبہ بندی اور مبینہ سازش میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔جے آئی ٹی کی جانب سے بھی ان افراد کو مبینہ طور پر منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کرنے والے ملزمان میں شامل کیا گیا تھا۔کیس میں نامزد افراد میں سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب،زرتاج گل،شیخ راشد شفیق،مراد سعید،زلفی بخاری،شہباز گل،علی امین گنڈاپور،شاندانہ گلزار،حماد اظہر اور اعظم سواتی سمیت متعدد سیاسی شخصیات شامل ہیں۔اس کے علاوہ احمد چٹھہ،رائے حسن نواز،رائے مرتضیٰ،شوکت بھٹی،عثمان سعید،اعجاز جازی،شبلی فراز اور کنول شوزب سمیت دیگر افراد بھی مقدمے میں نامزد کیے گئے تھے۔

مقدمے کی تفصیلات کے مطابق جی ایچ کیو گیٹ،حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم سمیت مختلف مقامات پر حملوں،توڑ پھوڑ،جلاو گھیراو اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات بھی کیس کا حصہ ہیں۔جی ایچ کیو حملہ کیس میں مجموعی طور پر 118 ملزمان نامزد کیے گئے تھے۔عدالتی کارروائی کے دوران بعض ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا،جن میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو مقدمے کے اندراج کے بعد عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے اشتہاری ملزمان کے خلاف علیحدہ ٹرائل مکمل کرنے کے بعد اب 47 افراد کے مقدمے کا فیصلہ جاری کیا ہے۔فیصلے کے تحت قید کی سزا کے ساتھ جائیداد ضبط کرنے کا حکم بھی شامل ہے۔یہ فیصلہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات میں عدالتی کارروائی کے تسلسل میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جبکہ دیگر ملزمان سے متعلق مقدمات میں قانونی کارروائی ان کے متعلقہ عدالتی مراحل کے مطابق جاری ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز